فٹبال کی ترقی حکومتی مداخلت ختم کیے بغیر ممکن نہیں:محمد عادل
لاہور(نمائندہ سپورٹس )پاکستانی فٹبالر محمد عادل نے کہا ہے کہ ملک میں فٹبال کا کھیل حکومتی مداخلت ختم کیے بغیر ترقی نہیں کرسکتا ہے۔ ان حالات میں سب سے زیادہ نقصان کھلاڑیوں کا ہو رہا ہے۔ پاکستانی فٹبال اس وقت جمود کا شکار ہے جس کی براہ راست ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے جس نے فٹبال کے معاملات میں مداخلت کی اور اب یہ معاملہ عدالت میں ہے۔محمد عادل کے مطابق 'آج صورت حال یہ ہے کہ پاکستان بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت نہیں کر رہا اور پاکستانی کھلاڑی ملک سے باہر کھیلنے کے مواقع سے محروم ہیں۔محمد عادل اس وقت آسٹریلیا میں ہاکس بری سٹی فٹبال کلب کی جانب سے کھیل رہے ہیں۔ وہ اس سے قبل کرغستان اور مالٹا میں پروفیشنل لیگ کھیل چکے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آج بھی ملک میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور کئی ایسے کھلاڑی ہیں جو ملک سے باہر پروفیشنل لیگ کھیل سکتے ہیں لیکن انھیں اس کا موقع نہیں مل رہا ہے، جب غیر ملکی کلبز انھیں کھیلتا دیکھیں گے تب ہی وہ انھیں ٹرائلز کے لیے بلائیں گے۔