سپین، بوسنیا، پاکستان اور فرانس کے چار عازمین کا پیدل سفر حج
جدہ (صباح نیوز) مکہ مکرمہ میں عازمین حج کی آمدکا سلسلہ جاری ہے۔ مکہ پہنچنے والے عازمین حج میں چار ایسے افراد بھی شامل ہیں جنہوں نے یہ مقدس سفرپیدل طے کیا ہے۔ ان عازمین حج کا تعلق سپین، بوسنیا ،پاکستان اور فرانس سے ہے ان سب میں مشترکہ امر بیت اللہ کے سفر کا شوق تھا جو کئی مہینوں اور ہفتوں پر مشتمل رہا۔ بوسنیا سے تعلق رکھنے والے عازم حج سناد ہادزیچ دو ماہ کا سفر کر کے پیدل مکہ مکرمہ آئے۔ اس دوران وہ 6ممالک کی سرحدوں کے راستے تقریبا 6ہزار کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتے ہوئے سعودی عرب پہنچے۔ سفر کے دوران کھانے پینے کیلئے انہوں نے مخیر حضرات کی مہمان نوازی پر انحصار کیا۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے حاجی کھرل زادہ کسرت رائے نے پیدل چل کر مکہ مکرمہ کا سفر مکمل کیا۔ اس دوران 117روز میں اس نے 3687کلو میٹر کا سفر طے کیا۔ وہ ایران ، عراق اور اردن سے گزرتے ہوئے سعودی عرب کے شہر تبوک کے راستے مملکت میں داخل ہوا۔چین کے شمال مغربی صوبے شِنگ یانگ سے تعلق رکھنے والے حاجی محمد ماباوچن نے سائیکل پر سوار ہو کر مکہ مکرمہ کا سفر پورا کیا۔ چار ماہ کے قریب جاری رہنے والے سفر میں اس نے 7800کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔ اس دوران وہ کئی ممالک سے گزرے اور پھر سعودی عرب اور بحرین کے درمیان واقع شاہ فہد پل کے راستے مملکت پہنچے۔اس سلسلے میں آخر میں ہم ہسپانوی شہریت رکھنے والے حاجی اسحاق محمد جزائری کا ذکر کرینگے۔ وہ فرانس کے درالحکومت پیرس سے پیدل چلتے ہوئے نومبر 2016میں مکہ مکرمہ پہنچے۔ اس دوران 5ماہ میں اسحاق نے اپنے سفر میں 16ممالک سے گزرتے ہوئے مجموعی طور پر 8ہزار کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔
سفر حج