میزائل تجربے کے بعد سارا امریکہ ہمارے ہدف میں آ گیا : شمالی کوریا
پیانگ یانگ/واشنگٹن (آئی این پی)شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے بین البراعظمی میزائل تجربے کے بعد دعویٰ کیا ہے کہ اب سارا امریکہ ہماری مار کی حد میں آ گیا ہے،دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسے خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم امریکی سرزمین اور تمام اتحادیوں کے تحفظات کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے شمالی کوریا کیخلاف تمام ضروری اقدامات اٹھائیں گے۔ ہفتہ کوشمالی کوریا کے سرکاری ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ آن نے بین البراعظمی میزائل کے کامیاب تجربے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم کسی بھی وقت اور کسی بھی جگہ یہ تجربات کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ کم جونگ نے بڑے فخر سے کہا کہ اس تجربے سے اس بات کی بھی تصدیق ہو گئی ہے کہ امریکہ کی ساری سرزمین اب ہمارے حملے کے ہدف میں آ گئی ہے۔ انہوں نے میزائل میں بہتری لانے والے انجینئرز او ر سائنسدانوں کو بھی سراہا۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسے خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم امریکی سرزمین اور تمام اتحادیوں کے تحفظات کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے شمالی کوریا کیخلاف تمام ضروری اقدامات اٹھائیں گے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق شمالی کوریا نے بین البراعظمی میزائل کا دوسرا تجربہ صوبہ جاگانگ میں کیا جو 3 ہزار کلو میٹر دور جاپان کی سمندری حدود میں گرا۔حالیہ میزائل پچھلے میزائل کے مقابلے میں زیادہ اونچائی اور طویل رینج تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
رہنما شمالی کوریا