حالیہ دھماکوں کے ماسٹر مائنڈ افغانستان میں ہیں، جلد گرفتار کرلیں گے: عارف نواز کو بریفنگ
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز خان نے کہاہے کہ پنجاب پولیس نے سینکڑوں شہداء کی قربانیاں دے کر صوبے میں دہشتگردی کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں اور پنجاب پولیس دہشتگردی کے خلاف ہراول دستے کا کردار ادا کرتی رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے دوران افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اس موقع پر سی ٹی ڈی کے جوانوں اور افسران کے جذبے اور ولولے کوسراہا اور کہا کہ سی ٹی ڈی ایک سپیشلائزڈ فورس ہے اور اس کی وجہ سے دہشتگردی پر قابو پانے میں کافی حد تک کامیابی حاصل ہوئی ہے انہوں نے تاکید کی کہ آپریشن کومذید تیز کیا جائے۔ اس سے پہلے سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر آئی جی پنجاب کا شاندار استقبال کیا گیا، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی رائے طاہر نے بتایا کہ سی ٹی ڈی پنجاب نے نیشنل ایکشن پلان میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ پنجاب میں مقامی دہشتگردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے اور فرقہ واریت پر قابو پا لیا گیا ہے۔ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے مذید کہا کہ سابقہ تمام بم دھماکوں کے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا گیا ہے، حالیہ بم دھماکوں کے ماسٹر مائنڈ افغانستان میں پناہ لیے ہوئے ہیں جنہیں جلد گرفتارکر لیا جائے گا۔