پاکستان کا ہر چھٹا شخص ہیپا ٹائٹس میں مبتلا ہے: ڈبلیو ایچ او رپورٹ
لاہور(نیوزرپورٹر) عالمی ادارہ صحت ـ"WHO" کی رپورٹ کے مطابق دُنیا بھر میں 50 کروڑ افراد ہیپاٹائٹس اور جگر کے دیگر امراض میں مبتلا ہیں جبکہ ہر سال 15 لاکھ افراد اس موذی مرض سے ہلاک ہو جاتے ہیں۔پاکستان میںہر چھٹا شخص ہیپا ٹائٹس کی کسی نہ کسی قسم میں مبتلا ہے ۔ قومی آبادی کا 3فیصد حصہ ہیپاٹائٹس بی اور7فیصد سی کا شکار ہے۔ ہیپاٹائٹس اے اور سی غیر معیاری کھانوں اور آلودہ پانی سے پھیلتے ہیں جبکہ بی وائرس سے پھیلتا ہے جس سے بچائو کی ویکسین دستیاب ہے لیکن ہیپاٹائٹس سی سے قبل از وقت بچائو کی ویکسین دستیاب نہیں۔ ہیپاٹائٹس دراصل ایسی سوزش کا نام ہے جو خلیات تباہ کر دیتی ہے اور نظام ہضم کو بُری طرح متاثر کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیئر مین امتحانی کمیٹی نیشنل کونسل فار طب حکیم محمد احمد سلیمی ، حکیم محمد افضل میو، حکیم امجد وحید بھٹی ، حکیم احمد حسن نوری ، حکیم فیصل طاہر صدیقی‘ حکیم حاجی محمد شہباز سرور، حکیم سردارچرن سنگھ آزاد اور ڈاکٹر سکندر حیات زاہد نے پاکستان طبی کانفرنس لاہور ڈویژن کے زیر اہتمام ہیپاٹائٹس کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ مجلس مذاکرہ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔