عمران خان کا دوسرا نمبر پیپلز پارٹی کا مشکل وقت قریب ہے خواجہ اظہار الحسن
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایم کیو ایم (پاکستان) کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ پاناما کیس کے فیصلے کے بعد بات صرف نوازشریف تک محدود نہیں رہے گی‘ عدالت کے فیصلے پر اس کی روح کے مطابق عمل ہوا تو ملک میں شاید ہی کوئی سیاست دان بچے ۔سیاستدانوں کے نااہل ہونے سے بحران پیدا ہوگا اس پر بھی غور کرنا چاہیے ۔پاناما کیس کے فیصلے کا کریڈٹ عدالت اور عمران خان کو جاتا ہے ۔پیپلز پارٹی کا مشکل وقت قریب ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے ہفتہ کو کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں شجرکاری مہم کے سلسلے میں منعقدہ سیمینار کے بعد میڈیا سے با ت چیت کرتے ہوئے کیا ۔خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ سپریم کورٹ سے مشکل وقت میں تاریخی فیصلہ آیا ہے۔ پاناما کیس کے فیصلے سے ملک میں تلاشی کا عمل شروع ہوگیا ہے اور اس کو اب رکنا نہیں چاہیے ۔انہوںنے کہا کہ بات اب صرف نوازشریف پر نہیں رکے گی ۔فیصلے پر اس کی روح کے مطابق عمل ہو تو شاید ہی ملک میں کوئی سیاست دان بچے۔عدالت کے فیصلے پر فیصلے پر عمل در آمد کرنا اہم ہے۔پاناما فیصلے میں کریڈٹ عدالت اور عمران خان کا ہے لیکن اب مجھے دوسرا نمبر عمران خان کا نظر آرہا ہے۔ خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ نیب کی حیثیت کو تو اب سپریم کورٹ نے بھی تسلیم کرلیا ہے ۔نیب پہلے بھی فارغ تھی اب بھی فارغ ہے۔ماضی میں بھی عدالتوں کے فیصلے پر ایک مخصوص ہجوم بھنگڑے ڈالتا رہا ہے ۔بھنگڑے ڈالنے سے بہتر ہے قوم کے بارے میں سوچا جائے ۔خواجہ اظہار نے پیپلزپارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میری سمجھ میں نہیں آتا ہے کہ پیپلزپارٹی کے لوگوں کو مشورے کون دیتا ہے ۔ایسے مشورے تو ہم مفت میں بھی نہ لیں جو پیپلزپارٹی پیسے دے کر لیتی ہے ۔انہوںنے غلط وقت میں سب کو اپنے پیچھے لگالیا ہے ۔پیپلز پارٹی کا مشکل وقت قریب ہے۔