پاکستان میں کوئی وزیراعظم 5سال پورے نہ کرسکا‘قاری عثمان
کراچی (اسٹاف رپورٹر) جمعیت علماء اسلام کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان نے کہا کہ قیام پاکستان سے آج تک کوئی بھی وزیر اعظم 5سال پورے نہ کرسکا۔ اس سوال کا جواب قوم کو دینا ہوگا۔ مٹھائی تقسیم کرنے والے کسی خوش فہمی میں نہ رہیں ابھی تو آغاز ہوا ہے انجام کا انتظار کرنا ہوگا۔ کرپشن کے بادشاہوں کا ابھی احتساب ہونا ہے۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ قیام پاکستان سے آج تک تمام حکمرانوں کا بلاتفریق رنگ و نسل اور سویلین وغیر سویلین سب کا احتساب کرنا چاہئے تاکہ جمہوری اور غیر جمہوری تمام حکمرانوں کو انصاف کے کٹہرے میں لاکھڑا کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے پہلی بار ملک جب اپنے پاؤں پر کھڑے ہونے کیلئے سی پیک جیسے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے ترقیاتی منصوبے پر کام شروع کر رہا ہے عین اس وقت ا سے سیاسی بحران کا شکار بنا دیا گیا ہے ۔قاری محمد عثمان نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کو ہمیشہ قربان کرنے کیلئے نظریہ ضرورت جیسے تیز دہار آلے کو استعمال کردیا جاتا ہے جسکا بہر حال روز اول سے نشانہ وزرائے اعظم ہی ہوجاتے ہیں۔