وزیراعظم عمران خان نے سابق رکن قومی اسمبلی اور جماعت اسلامی پاکستان کے رہنما حافظ سلمان بٹ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔وزیراعظم نے ایک ٹوئیٹ میں اظہار تعزیت کرتے ہوئے سوگوار خاندان کیلئے صبرجمیل کی دعا کی۔
جماعت اسلامی کے حافظ سلمان بٹ کی رحلت پر میری تمام تر دعائیں اور ہمدردیاں انکے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔ اناللہ وانا الیہ راجعون۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) January 30, 2021
وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بھی حافظ سلمان بٹ کے انتقال پراظہار افسوس کیا۔ اپنے ٹوئیٹ میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حافظ سلمان کے انتقال کی خبر سن کر انتہائی افسوس ہوا۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ لاہور نے ایک سیاسی کارکن اور سب سے بڑھ کر فٹ بال سے سچی محبت کرنے والا کھودیا۔ حافظ سلمان نے اپنی زندگی فٹ بال کی ترویج میں لگادی، اللہ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔آمین۔دریں اثنا پنجاب کے سینئر وزیر محمد علیم خان نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ حافظ سلمان بٹ کے انتقال کی خبر سن کر انتہائی دکھ اور افسوس ہوا۔ انہوں ہمیشہ جرآت اور بہادری کے ساتھ حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے عوام کی خدمت کی۔ ان کی سیاسی اور دینی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔ اللہ تعالی مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ آمین