وفاقی وز یرتعلیم و آثارِ قدیمہ شفقت محمود نے کہا ہے کہ لوٹ مار کا دور ختم ہو چکا ہے، احتساب ہونا ابھی باقی ہے، سندھ ہمارا اپنا صوبہ ہے، وزیر اعظم کا کہنے کا مقصد تھا کہ سندھ میں ہماری حکومت نہیں۔ سکھر میں میڈیا سے شفقت محمود نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کی دوسری لہر کے باعث بند کئے گئے تمام پرائمری سکول اور جامعات پیر یکم فروری سے کھل جائیں گی۔ حکومت کی جانب سے کئے گئے اعلان کے مطابق ملک بھر میں یکم فروری سے تمام پرائمری سکول اور جامعات کھول رہے ہیں، کورونا وائرس کی وجہ سے پہلے ہی تعلیم کا بہت نقصان ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں ہمیشہ کرپشن ہائی گریڈ پر رہی ہے، اس کی وجہ لیڈران کا ذاتی مفادات اور لوٹ مار ہے، اب ملک میں ایسا وزیر اعظم ہے جس پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا،لوٹ مار کا دور ختم ہو چکا ہے، احتساب ہونا ابھی باقی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ ہمارا اپنا صوبہ ہے، وزیر اعظم کا کہنے کا مقصد تھا کہ سندھ میں ہماری حکومت نہیں، ہم سندھ سے محبت اور پیار کرتے ہیں، میں خود تین روز سے سندھ کے دورے پر ہوں، سندھ کی تاریخ اور ورثہ قابل دید ہے۔ شفقت محمود نے سکھر میں واقع تاریخی میر معصوم شاہ کے مینار کا دورہ بھی کیا، اس موقع پر انہیں محکمہ اوقاف کی جانب سے مینار سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ تاریخی ورثے کو محفوظ رکھنا ہے، ہمیں اپنے ماضی کو کبھی فراموش نہیں کرنا چاہئے۔ وفاقی وزیر کے دورے کے موقع پر میر معصوم شاہ مینار کے اطراف دکانیں بند کرائی گئی تھیں۔اس موقع پر تاجروں نے وفاقی وزیر سے شکوہ کیا کہ دکانیں صبح 9 بجے کھل جاتی ہیں مگر کہا گیا ہے کہ وزیر کے دورے کے بعد دکانیں کھولیں۔وفاقی وزیرِ تعلیم و آثارِ قدیمہ شفقت محمود نے جواب دیا کہ میرے علم میں نہیں کہ یہاں دکانیں بند کرائی گئی ہیں۔
میرے ذہن میں سمائے خوف کو تسلّی بخش جواب کی ضرورت
Apr 17, 2024