اسلام آباد: بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ تھم گیا مگر سردی کی شدت میں کوئی کمی نہیں آئی۔ پنجاب کے شہروں میں دھند کا راج برقرار ہے ۔
اسکردو اور بلتستان ریجن کے چاروں اضلاع میں خون جمادینے والی سردی نے معمولات زندگی بھی جمادی ہے۔ اسکردو میں پارہ منفی اٹھارہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ تک جاپہنچا ہے۔ محکمہ موسمیات نے فروری کے پہلے ہفتے میں برفباری کا نیا سسٹم گلگت بلتستان میں داخل ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔ آزاد کشمیر میں بھی مطلع صاف ہوچکا ہے مگر برفباری سے بند وادی نیلم اور وادی لیپہ کی رابطہ سڑکیں بدستور بند ہیں۔
پنجاب میں دھند نے قیام طویل کردیا ہے۔ پسرور، جھنگ، وہاڑی، حجرہ شاہ مقیم، دنیاپور اور شورکوٹ سمیت دیگر شہروں میں دھند نے حدنگاہ شدید متاثر کی ہے۔