محکمہ لائیو سٹاک کے کولڈ چین سسٹم کو آئی ایس او سرٹیفکیٹ جاری
لاہور (پ ر) خادم اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق مویشی پال حضرات کو انکی دہلیز پر بہتر اورعالمی معیار کے مطابق سہولیات فراہم کرنے کے لئے محکمہ لائیوسٹاک نے پہلی مرتبہ جانوروں کو لگائی جانی والی ویکسین کی ترسیل کے لئے عالمی معیار کا نظام وضع کیا ہے۔ ضلع اور تحصیل سنٹر پر قیمتی ویکسین کو مخصوص ٹرکوں میں بحفاظت کولڈ چین سسٹم میں رکھا جاتا ہے جہاں سے ان کو ڈویژن کی سطح پر بنائے گئے کولڈ سٹورزمیںبھجوا دیا جا تا ہے۔ محکمہ لائیوسٹاک نے خطیر رقم سے ضلعی اور ہسپتال لیول تک مؤثر کولڈ چین سسٹم وضع کیا ہے تاکہ ویکسین کی افادیت کو برقرار رکھا جاسکے۔ویکسین کے ترسیلی نظام (کولڈچین سسٹم) کے بین الاقوامی سٹینڈر اور اعلی معیارہونے پرآئی ایس او 9001:2015 سرٹیفیکیٹ جاری کر دیا گیا ہے جس کے بعد محکمہ لائیوسٹاک کولڈ چین اور سپلائی سسٹم عالمی معیار کے مطابق ہو گیا ہے۔ سیکرٹری لائیوسٹاک نے اس اہم سنگ میل طے کرنے پر ویٹرنری ریسرچ انسٹیٹیوٹ اور سپلائی سسٹم کی ٹیم کو مبارک باد پیش کی ہے۔