میپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز میں خطے کی بجائے لاہور اسلام آباد کے افراد شامل
ملتان (نامہ نگار خصوصی) وفاقی حکومت کی جانب سے ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) کا نو تشکیل شدہ بورڈ آف ڈائریکٹر خطے کے بدترین استحصال کا سبب بن گیا ہے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں صرف دو کا تعلق ملتان سے ہے ان میں خالد مسعود خان اور ایوان تجارت و صنعت ملتان کے صدر اسرار احمد اعوان شامل ہیں حکومت کی جانب سے نامزد چار ڈائریکٹرز کمپنی کے تمام امور و معاملات میں سیاہ و سفید کے مالک بنا دیئے گئے ہیں جنوبی پنجاب کی چار کروڑ سے زائد آبادی میں حکومت کو میپکو کے 59 لاکھ صارفین کے مفادات اور میپکو کا انتظام و انصرام چلانے کیلئے موزوں افراد نہیں مل سکے خطے کے 50 ارکان قومی اسمبلی اور 110 ارکان صوبائی اسمبلی بھی اس حکومتی انتخاب پر خاموش ہیں حکومت نے لاہور اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے ان افراد کو میپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز بھی شامل کرکے جنوبی پنجاب کو میپکو میں حقیقی نمائندگی سے محروم کر دیا ہے میپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس بھی میپکو ہیڈ کوارٹر ملتان کے بجائے لاہور میں منعقد کئے جا رہے ہیں جو اس خطے کے عوام اور میپکو صارفین کا استحصال کے مترادف ہے حکومتی نمائندے اس ناانصافی پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔