انڈر19- ورلڈ کپ: آسٹریلیا افغانستان کو شکست دیکر فائنل میں پہنچ گیا
کرائسٹ چرچ(آئی این پی)آئی سی سی انڈر19کرکٹ ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے افغانستان کو6وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔آسٹریلیا نے182رنز کا ہدف38اوورز میں4وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا،مین آف دی میچ جیک ایڈورڈز نے 72، پرام اپل نے 32اورکپتان جیسن سنگھا نے26 رنز بنائے۔کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں افغانستان نے انڈرنائنٹین ورلڈکپ میں اپنے پہلے سیمی فائنل میں ٹاس جیت کربیٹنگ کاانتخاب کیا۔افغان بیٹنگ پاورہاوس48اووروں میں181رنز ہی بناسکا۔اکرم علی خیل 80رنز نے اپنی ٹیم کومکمل تباہی سے بچایا۔ آسٹریلیا کے جوناتھن میرلو نے 24رنزدیکر4اورزیک ایونز نے26رنز پر2کھلاڑی آوٹ کئے۔جوابی اننگز میں آسٹریلیا نے 37ویں اوور میں ہی 4 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ ہدف حاصل کرلیا۔آسڑیلوی بیٹسمین جیک ایڈورڈ 72رنز بناکر نمایاں رہے۔مین آف دی میچ جیک ایڈورڈز نے 72، پرام اپل نے 32اورکپتان جیسن سنگھا نے26 رنز بنائے۔دوسرا سیمی فائنل روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان(آج)منگل کو کھیلاجائے گا، پاکستان دو اوربھارت تین مرتبہ جونیئرورلڈکپ چیمپئن بن چکاہے۔نیوزی لینڈ میں جاری بارہویں انڈرنائنٹین ورلڈکپ کے پہلے میچ میں افغانستان نے پاکستان کوشکست دی تھی۔ جس کے بعد گرین شرٹس ٹیم نے آئرلینڈ اورسری لنکا کو زیرکرکے کوارٹرفائنل میں جگہ بنائی ورجنوبی افریقا کوہراکرسیمی فائنل کھیلنے کااعزاز حاصل کیا۔پاکستانی بیٹسمین علی زریاب آصف ،فاسٹ بولرشاہین شاہ آفریدی اورمحمد موسی کی کارکردگی اب تک شاندار رہی ہے۔بھارتی ٹیم کوارٹر فائنل تک ناقابل شکست رہی ہے۔۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات ڈھائی بجے شروع ہوگا، دوسرے سیمی فائنل کے لیے پال ولسن اور گریگوری بریتھ ویٹ کو آن فیلڈ امپائرز مقرر کیاگیا ہے، نائجل ڈگوئیڈ تھرڈ امپائر کی ذمے داری نبھائیں گے جبکہ لیگٹون روسیر فورتھ آفیشلز ہوں گے، سابق کیوی کپتان جیف کروو میچ ریفری کے فرائض انجام دیں گے۔