اسلام آباد ہائیکورٹ میں انصر عزیز کو عہدے سے ہٹانے کیخلاف درخواست کی سماعت
اسلام آباد ( وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کی چیئرمین سی ڈی اے کے عہدے سے ہٹانے کے خلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے۔سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے کی۔ سماعت کے دوران میئر شیخ انصر عزیز نے موقف اختیار کیا کہ نئے چیئرمین کی تعیناتی کے باوجود کیس کی سماعت کی جائے۔ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ جو نیا چیئرمین لگایا گیا اس میں بھی عدالتی حکم کے مطابق طریقہ کار نہیں اپنایا گیا۔ انتظار کریں نئے چیئرمین کی تعیناتی بھی چیلنج نہیں ہو جاتی۔ جسٹس عامر فاروق نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ تقرری کے لیے سول سرونٹ کا شرط پوری کی گئی لیکن کیا اشتہار دیا گیا، کیا آپ نے وفاق کو عدالتی حکم ٹھیک طرح سے نہیں پہنچایا، جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ اگر نئی تعیناتی عدالتی فیصلے سے متصادم ہوئی تو اس کو بھی دیکھیں گے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 13 فروری تک ملتوی کر دی۔