واپڈا ٹاؤن ہاؤسنگ سوسائٹی کے الیکشن ازسر نو کرائے جائیں
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) واپڈا ٹاؤن ہاؤسنگ سوسائٹی کے الیکشن کا بائیکاٹ کرنے والے ریزیڈنٹ گروپ نے واپڈا ٹاؤن ہاؤسنگ سوسائٹی کے الیکشن کو بوگس قرار دیتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ الیکشن میں ہونے والی دھاندلی میں ملوث اور ذمہ دار کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ کے افسران کے خلاف انکوائری اور واپڈا ٹاؤن ہاؤسنگ سوسائٹی کے ازسر نو الیکشن کے احکامات جاری کئے جائیں۔ الیکشن میں ریزیڈنٹ گروپ کے امیدوار برائے صدارت نادر خان محسود‘ برائے نائب صدر چودھری حرمت علی اور برائے خازن محمد نواز گوندل نے ’’نوائے وقت‘‘ کو بتایا کہ ووٹر لسٹ میں تبدیلی کرکے واپڈا ٹاؤن ہاؤسنگ سوسائٹی کے الیکشن میں کھلم کھلا دھاندلی کی گئی۔تین ہزار ووٹرز کو ان کے حق رائے دہی سے محروم کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ کو دی گئی درخواستوں پر ہیومن رائٹس آفس اور وزیراعظم ہاؤسسے باقاعدہ نوٹس کرائے گئے مگر کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ بالخصوص سرکل رجسٹرار نے الیکشن رولز 2014 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے من پسند ووٹر لسٹ تیار کی جس کا مقصد الیکشن میں دھاندلی کے ذریعے برسر اقتدار گروپ کو جتوانا اور ان کے اقتدار کو دوام دینا تھا۔ریزیڈنٹ گروپ نے وزیرداخلہ پروفیسر احسن اقبال سے مطالبہ کیا کہ واپڈا ٹاؤن ہاؤسنگ سوسائٹی کی ووٹر لسٹ کو ازسر نو مرتب کرکے سوسائٹی کے الیکشن دوبارہ کرائے جائیں۔