تمام سیاسی جماعتیں فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کو ترجیح بنیادوں پر یقینی بنائیں
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ) فاٹا سے تعلق رکھنے والی جماعت اسلامی کی نئی رہنما کنزہ اقتدار نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کو ترجیح بنیادوں پر یقینی بنائیں ، فاٹا کے لوگوں کو قومی دھارے میں لانے کیلئے سرکاری نوکریاں فراہم کی جائیں اور خواتین کیلئے قومی اسمبلی میں نشستیں مخصوص کی جائیں، فاٹا میں صحت اور تعلیم کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں، کراچی میں نقیب اللہ محسود کا قتل فاٹا کو بدنام کرنے کی گھنائونی سازش ہے۔ان خیالا ت کا اظہار کنزہ اقتدار نے پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں متفقہ طور پر ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میںفاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کو یقینی بنائیں فاٹا کا انضمام 70لاکھ کی آبادی کو زندگی کی بہترین سہولیات فراہم کر سکے گا، فاٹا انضمام کی مخالفت کرنے والے سیاست دان پرتعیش زندگی چھوڑ کر کسی بھی ایجنسی کو اپنا مسکن بنالیں،قبائلی علاقوں سے دہشت گردی کا خاتمہ فاٹا کے انضمام سے ہی ممکن ہوسکے گا، فاٹا اور پاکستان ایکدوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیںمقامی آبادی نے اپنے حقوق کیلئے قربانیاں دی ہیں جنہیں تسلیم کیا جانا چاہیے، فاٹا کے لوگوں کو قومی دھارے میں لانے کیلئے سرکاری نوکریاں فراہم کی جائیں اور خواتین کیلئے قومی اسمبلی میں نشستیں مخصوص کی جائیں،فاٹا میں بچوں کی تعلیم اور خواتین کی صحت کے مسائل سنگین ہوچکے ہیں خواتین زچگی کے عمل کے دوران اپنی جان کھو دیتی ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ نقیب اللہ محسود کا قتل فاٹا کو بدنام کرنے کی گھنائونی سازش ہے نقیب اللہ کے اہلخانہ کو انصاف نہ ملے تو خدشہ ہے کہ اس کا بیٹا دہشت گرد بن جائے گا، غریب طبقے کیلئے انصاف کی فراہمی کے عمل کو آسان بنانا ہوگا لوگوں کو بلاوجہ طالبان کے ساتھ تعلق قائم کرکے جعلی پولیس مقابلے میں لوگوں کو مارا جارہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مردان میں زیادتی کے بعد قتل ہونے والی عاصمہ کے اہلخانہ کو انصاف کی فراہمی کا عمل تیز کیا جائے۔