پی ٹی آئی خواجہ آصف کیخلاف نیب ریفرنس لائے گی:پنجاب حکومت کی کرپشن ڈھونڈنے کیلئے ٹاسک فورس قائم
اسلام آباد+فیصل آباد(اپنے سٹاف رپورٹرسے +نوائے وقت رپورٹ+آن لائن) عمران خان کی زیرصدارت پی ٹی آئی کور گروپ کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں خواجہ آصف کی کرپشن پر کارروائی کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ خواجہ آصف قوم کیلئے سکیورٹی رسک ہیں، خواجہ آصف کی کرپشن کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ عثمان ڈار کو وزیرخارجہ خواجہ آصف کیخلاف نیب میں ریفرنس دائر کرنے کیلئے خط لکھنے کی ذمہ داری سونپ دی گئی۔ حکومت اقامے، اشتہاریوں اور کرپشن سے داغدار لوگوں پر مشتمل ہے۔ اجلاس میں پنجاب حکومت کی کرپشن کا سراغ لگانے کے لئے علیم خان کی سربراہی میں ٹاسک فورس قائم کردی گئی، ٹاسک فورس شہباز شریف کی کرپشن کو منظر عام پر لائے گی۔ آشیانہ سکیم سمیت شہباز شریف کی کرپشن قوم کے سامنے لائی جائے گی۔ بیرون ملک پاکستانیوں کے ووٹ کے حق پر سپریم کورٹ کے ریمارکس کا خیرمقدم کیا گیا پارٹی اوورسیز پاکستانیوں کے انتخابی حقوق کیلئے 2012 سے لڑ رہی ہے۔ امید ہے جلد بیرون ملک پاکستانیوں کو ان کے انتخابی حقوق مل جائیں گے۔ عمران خان نے کابل میں دھماکے کی شدید مذمت کی۔دریں اثنا عمران خان نے سوشل میڈیاپر بیان میں کہا ہے کہ خیبر پی کے حکومت کو رفاہ عامہ کے ایک اور اقدام پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، فیکٹری ملازمین کی کم ازکم تنخواہ مقرر کرانے والی پہلی صوبائی حکومت ہے اب ضرورت ہے فیکٹری مالکان تنخواہوں کی ادائیگی بذریعہ بنک کریں وفاقی اور دیگر صوبائی حکومتیں کم سے کم تنخواہیں بجٹ میں مقرر کرتی ہیں لیکن خیبر پی کے حکومت کی طرح نفاذ کبھی نہیں کرتیں۔ علاوہ ازیں عمران خان آج فیصل آباد جائیں گے جہاں پر صنعتکاروں اور ایکسپورٹرز سے ملاقات کریں گے اور مقامی ہوٹل میں ٹیکسٹائل کانفرنس کی صدارت کرینگے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی سیریم کورٹ میں اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے حق کے کیس میں درخواست پر پیشرفت ہوئی ہے۔ نادرا نے ایک ماہ میں اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کا پروگرام بنانے کا وعدہ کیا ہے۔ الیکشن کمشن اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کیلئے ہر صورت سہولت دے ۔