پارلیمنٹ کو گالیاں دینے والے بے شرمی سے مراعات بھی لیتے ہیں: کیپٹن (ر) صفدر
وزیرآباد (نا مہ نگار) پارلیمنٹ کو گالیاں دینے والے بے شرمی سے پارلیمنٹ کا رخ کرتے اور مراعات لیتے ہیں ، قوم قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کو اپنا رہبر تسلیم کرتی ہے کیونکہ ہم پاکستان کی ترقی اور آئین پاکستان کے تحفظ کی سوچ رکھنے والے لوگ ہیں ۔ کوئی چاہے لاکھ کچھ کہے پاکستانی حلقہ این اے 120 لاہور سے چکوال تک اپنا فیصلہ بار بار سنا رہے ہیں اور آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے حق میں تاریخی فیصلہ آئیگا جس کے بعد مخالفین منہ چھپاتے پھریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار رکن قومی اسمبلی و مرکزی رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) کیپٹن محمد صفدر نے8 ویں سالانہ عرس جانشین شیخ القرآن مہرآباد بھٹی کے شریف میں شرکت بعد مذہبی سکالر ڈاکٹر محمد آصف ہزاروی کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر رکن پنجاب اسمبلی چوہدری شوکت منظور چیمہ، ڈاکٹر کیپٹن (ر) محمد رفیق فضل، ضیاء الحسن اشرفی،تحصیل جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن) عمران رسول بٹ، محمد اشفاق وڑائچ ، محمد ذکوان ہزاروی، ارشد محمود سلیمی، ارشد بخاری، سعید احمد جوندہ، قاری سعید احمد ارشد، گوہر رشید، سجاد احمد مدنی، محمد اعجاز، اورنگزیب رفیق، سجاد احمد مدنی اور دیگر بھی موجود تھے ۔ کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا کہ سی پیک اور بین الاقوامی معیار کی شاہرات تعمیر ہونے سے پاکستان ایک جست میں ترقی کی ان گنت منازل طے کر جائے گا یہی محمد نواز شریف کی کامیابی ہے ، قدرت نے ہمیں ملک وقوم کی خدمت کے لیے چن رکھا ہے جبکہ مخالفین تلملا کر گالیاں دینے کی ڈیوٹی پر مامور ہیں جن کا تماشہ پوری قوم دیکھ رہی ہے۔ کیپٹن (ر) صفدر نے مقامی ایم این اے جسٹس (ر) افتخاراحمدچیمہ ودیگرمسلم لیگی اکابرین کے ہمرا ہ موضع ساروکی میں عاشق رسول ؐغازی عامر چیمہ شہید کے مزارپرحاضری دی اورپھولوں کی چادرچڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔