گوجرانوالہ: گھریلو ملازمہ تشدد کیس‘ اے ایس آئی‘ لیڈی کانسٹیبل گرفتار
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) اروپ پولیس نے گھریلو ملازمہ پر تشدد کرنیوالے اے ایس آئی اور لیڈی کانسٹیبل کیخلاف مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا، جبکہ مدعی مقدمہ نے بیٹی کے منہ کے اندر کپڑا ڈال کر بہیمانہ تشدد ہونے کا انکشاف بھی کر دیا، نواحی علاقہ بھمبو والی کی رہائشی انیسہ کو تھانہ اروپ میں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے واقعہ کا وزیر اعلی پنجاب نے نوٹس لیا تھا جس پر پولیس نے متاثرہ لڑکی کے والد ظفر اقبال کی مدعیت میں اے ایس آئی اور لیڈی کانسٹیبل کیخلاف مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا ہے، اس حوالے سے رابطہ کرنے پر مدعی مقدمہ نے انکشاف کیا کہ لیڈی کانسٹیبل نے اسکی بیٹی کے منہ میں کپڑا ڈال کر تشدد کیا تاکہ شور کی آواز تھانے سے باہر نہ جا سکے، اس دوران اے ایس آئی جو کہ لیڈی کانسٹیبل کو انیسہ پر تشدد کرنے کا طریقہ بھی بتاتا تھا، جبکہ مدعی کا یہ بھی کہنا تھا کہ پولیس نے اس سے درخواست نہیں لی بلکہ اپنی مرضی سے درخواست لکھ کر مقدمہ درج کیا ہے، دوسری جانب ایس ایچ او قیصر شاہ کا موقف تھا کہ مدعی اور اسکے ہمراہ افراد نے درخواست پڑھ کر دستخط کئے جس پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔