حقوق العباد میں سب سے بلند مقام ماں کا ہے، علامہ ریاض حسین شاہ
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) جماعت اہلسنت پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ ماں کے پاؤں تلے جنت ہے۔ حقوق العباد میں سب سے بلند مقام ماں کا ہے۔ والدین کی خدمت اور احترام بجا لانے والی اولاد خوش قسمت اور دنیا و آخرت میں سرخروئی اور سربلندی سے ہمکنار ہوتی ہے۔ وہ پیر کے روز یہاں جامع مسجد ادارہ تعلیمات اسلامیہ خیابان سرسید میں مسلم لیگ ن کے رہنما، سابق ایم پی اے اور واسا کے چیئرمین ضیاء اﷲ شاہ کی والدہ محترمہ کے ختم قل کی تقریب سے خصوصی خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر سجادہ نشین عیدگاہ شریف پیر محمد نقیب الرحمٰن نے مرحومہ کی بلندئی درجات کیلئے اجتماعی دعا کرائی۔ قاری محمد علی اکبر نعیمی نے تلاوت کلام پاک کی اور ممتاز نعت خوان عبدالرزاق جامی نے بارگاہ رسالت میں ہدیہ نعت پیش کیا۔ بعد نماز ظہر مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کی گئی۔ ختم قل کی تقریب میں محمد حنیف عباسی، سردار نسیم، راجہ جاوید اخلاص، راجہ محمد حنیف، ملک افتخار احمد، حاجی ملک عمر فاروق، ڈاکٹر جمال ناصر، ملک شکیل اعوان، حافظ محمد احمد رضا قادری، چوہدری محمد ایاز، راحت قدوسی، زاہد بختاوری، مولانا محمد اقبال رضوی، چوہدری محمد طارق، حافظ قاسم ایوب، حاجی امجد، جاوید مغل، صدیق گجر، قاری سلیم شہزاد، راجہ مشتاق، یاسر بٹ کے علاوہ بلدیاتی نمائندوں مسلم لیگی کارکنوں اور معززین علاقہ نے شرکت کی۔ قبل ازیں عوامی مسلم لیگ کے صدر شیخ رشید احمد، وفاقی وزیر مشاہد اﷲ خان اور آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر نے ضیاء اﷲ شاہ کی اقامت گاہ پر جاکر ان کی والدہ محترمہ کی وفات پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔