سینیٹ کا انتخابی شیڈول جاری، کاغذات نامزدگی 4 سے 6 فروری تک جمع کرائے جا سکیں گے
اسلام آباد (این این آئی) سینٹ کے انتخابات 3 مارچ کو ہوں گے جس کیلئے الیکشن کمشن نے شیڈول جاری کردیا۔ الیکشن کمشن آف پاکستان کے شیڈول کے مطابق ریٹرننگ آفیسر 3فروری 2018ء کو پبلک نوٹس جاری کریگا جس کے ذریعے امیدواران کو کاغذات نامزدگی کے حصول اور جمع کروانے کے بارے میں مطلع کیا جائیگا ٗ کاغذات نامزدگی 4فروری تا 6 فروری متعلقہ ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں دفتری اوقات میںجمع کروائے جاسکیں گے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 9 فروری تک مکمل کی جائیگی۔ امیدروان کی فہرست 15 فروری کو جاری کی جائیگی جبکہ کاغذات نامزدگی 16فروری تک واپس لئے جا سکیں گے۔سینیٹ کے انتخابات کیلئے پولنگ 3مارچ2018ء کو ہوگی۔الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ اور پنجاب سے 12،12 سینیٹرز، خیبر پختونخوا اور بلوچستان سے 11،11 سینیٹرز کا انتخاب کیا جائیگا ٗاسلام آباد سے ایک جنرل اور ایک ٹیکنوکریٹ کی نشست پر انتخاب ہوگا جبکہ سندھ اور پنجاب سے7 جنرل، 2 ٹیکنوکریٹس، 2 خواتین اور ایک اقلیتی رکن کا انتخاب ہوگا۔الیکشن کمشن کے مطابق فاٹا سے 4 نشستوں پر انتخاب ہوگا اور چاروں جنرل نشستیں ہیں۔
سینٹ الیکشن