یمن میں سرکاری فوج نے صعدہ صوبے میں پیش قدمی فوجی کاروائی میں 30حوثی باغی ہلاک
صنعا ء(آئی این پی)یمن میں سرکاری فوج نے صعدہ صوبے میں پیش قدمی کے دوران عرب اتحاد کی معاونت سے التباب السود کا علاقہ آزاد کرا لیا ،فوجی کاروائی میں 30حوثی باغی ہلاک ہوگئے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یمن میںسرکاری فوج نے صعدہ صوبے میں پیش قدمی کے دوران عرب اتحاد کی معاونت سے التباب السود کا علاقہ آزاد کرا لیا ہے۔اس کے علاوہ یمنی فوج نے دو پہاڑوں شعیر اور بتر کو بھی باغی حوثی ملیشیا سے واپس لے لیا۔العربیہ کے نمائندے کے مطابق یمنی فوج نے مندبہ کے علاقے کے نزدیک لڑائی میں حوثی ملیشیا کے 30 جنگجو ہلاک کر دیے اور اس دوران باغیوں کی عسکری گاڑیوں کو بھی تباہ کر دیا گیا۔ جنوبی یمن کے علیحدگی پسندوں کے مسلح گرپوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان تصادم میں 15 افراد ہلاک ہوگئے ۔ادھر یمنی وزیراعظم احمد بن دغر نے فوری فائر بندی اور عسکری فورسز کو اپنی بیرکوں میں واپسی کی ہدایت کردی ۔عرب ٹی وی کے مطابق عدن کے طبی ذرائع کا کہنا تھا کہ جنوبی یمن کے علیحدگی پسندوں کے مسلح گرپوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان تصادم میں 15 افراد ہلاک ہوگئے،ادھر وزیراعظم بن دغر نے زور دیا کہ فریقین کی جانب سے قبضے میں لیے گئے ٹھکانوں کو غیر مشروط طور پر خالی کر دیا جائے۔انہوں نے عدن میں کشیدگی کی ذمہ داری جنوبی علاقوں کے علیحدگی پسنددوں پرعاید کی اور کہا کہ علیحدگی پسند یمن میں حکومت کا تختہ الٹنا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم بن دغر نے عرب ممالک پر زور دیا کہ وہ علیحدگی پسندوں کی سازش ناکام بنانے کے لیے ان کے ساتھ تعاون کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ عدن میں بغاوت کی سازش ایران اور حوثیوں کی مدد کرنے کے مترادف ہے۔ یمن کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی گورنری الجوف میں قریبا 200 حوثی جنگجو اور ان کے وفادار سرکاری فوج میں شامل ہو گئے ہیں۔عرب ٹی وی کے مطابق یمن کی سرکاری فوج کے بریگیڈ 101 کے سربراہ بریگیڈیئر علی محسن الھدی نے بتایا کہ الجوف کی مقامی قبائلی قیادت، مشایخ اور سرکردہ شخصیات کے صلاح مشورے سے باغیوں کو مزاحمتی ملیشیا میں شامل کیا جا رہا ہے۔بریگیڈیئر الھدی کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی وجوہات کی بناءپربہت سے قبائلی رہ نماو¿ں اور شخصیات نے حکومت میں شمولیت کا اعلان نہیں کیا ہے۔ بہت سی موثر شخصیات جو حکومت میں شامل ہونے کے لیے تیار ہیں جلد ہی اس کا اعلان کرنے والی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ الجوف میں گذشتہ چند ایام کے دوران باغیوں کی حمایت کرنے والے درجنوں افراد حکومت کی صفوں میں شامل ہوئے ہیں۔ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب الجوف میں سرکاری فوج باغیوں کے خلاف تیزی سے پیش قدمی کررہی ہے۔بریگیڈیئر الھدی نے کہا کہ حکومت میں شامل ہونے والے جنگجوو¿ں کے لیے خصوصی کیمپ قائم کیے گئے جہاں انہیں فوج میں شامل کرنے کے لیے تیار کیا جائے گا اور انہیں ضروری تربیت فراہم کی جائے گی۔
یمن