کراچی میں فائرنگ و تشدد: 2 خواتین سمیت 3 افراد ہلاک‘ 2 زخمی
کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ و تشدد کے مختلف واقعات میں 2 خواتین سمیت 3 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے۔ سرجانی ٹائون کے سیکٹر فور ڈی میں گھر سے ملنے والی خاتون کی لاش کی شناخت ہو گئی مقتولہ 35 سالہ شاہینہ حیدر سعید آباد تھانے کے سب انسپکٹر علی حیدر کی اہلیہ اور 3 بچوں کی ماں تھی۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے بعد شاہینہ کو نامعلوم افراد نے تیز دھار آلے کے وار کر کے ہلاک کیا تاہم معاملے میں گھریلو جھگڑے کے امکان کے تحت بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔ کلفٹن میں پراسرار طور پر ہلاک خاتون کی لاش سی ویو اپارٹمنٹ کے قریب فٹ پاتھ سے ملی۔ پولیس کے مطابق متوفیہ کی شناخت نصرت زوجہ ناصر خان کے نام سے ہوئی ہے جس کی عمر تقریباً 35 سال تھی اس کے جسم پر کوئی زخم یا تشدد کا نشان نہیں پایا گیا جس کی وجہ سے فوری طور پر موت کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ لاش جناح اسپتال پہنچانے کے بعد تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ گلشن معمار مینگل گوٹھ کریم بازار کے قریب سے پیر کو لاش ملی جس کی اطلاع پولیس کو دی گئی پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا اور ضابطے کی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کر دیا جہاں پر مقتول کی شناخت 18 سالہ ذوالفقار ولد سلیم کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول موٹر سائیکل پر سبزی منڈی جا رہا تھا کہ پیر بخش گوٹھ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر کے قتل کیا اور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ مقتول تھارو مینگل گوٹھ کا رہائشی اور سبزی کی خرید و فروخت کا کام کرتا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ بھی ہو سکتا ہے۔ علاوہ ازیں پیر آباد کے علاقے میانوالی کالونی میں 14 سالہ نوعمر ظفر اللہ ولد خدا بخش نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔ جبکہ کورنگی کے علاقے بلال کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 19 سالہ جاوید زخمی ہو گیا۔
کراچی/ فائرنگ تشدد