ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیر اہتمام شمالی لاہور میں ایک ماہ کی صفائی مہم اختتام پذیر

30 جنوری 2015

لاہور (خبر نگار) لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیوایم سی) کے زیرِ اہتمام شمالی لاہور میں  ایک مہینے سے جاری صفائی و آگاہی مہم اختتام پزیر ہو گئی۔ مہم کے دوران واہگہ ٹائون اور عزیز بھٹی ٹائون کے متعدد علاقوں بالخصوص راجباہ روڈ داروغہ والا،شاہ کمال روڈ، انگوری باغ سکیم میں صفائی و آگاہی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ آخری روز لنک روڈ انگوری باغ سکیم میں منعقدہ مہم کلین اپ آپریشن،کھلے پلاٹوں کی صفائی، شکایت و آگاہی کیمپوں کے قیام، آگاہی واک اور گھر گھر معلوماتی و آگاہی پمفلٹس کی تقسیم پر مشتمل تھی۔اس موقع پرلنک روڈ پر آگاہی واک کی گئی قیادت  مسلم لیگ ن  کے خرم روحیل اصغر ،سربراہ کمیونی کیشن ڈیپارٹمنٹ جمیل خاور اور سینئر منیجر آپریشنز البیراک حسین کارتال نے کی۔ منیجر آپریشن فہد اسلم، علی باجوہ، اسسٹنٹ منیجرز محمد عمیر خان، رحمان راشد اورسمیعہ محسن جبکہ ترک کمپنی البیراک کی جانب سے منیجر کمیونی کیشن نعیمہ سعید ، سعدیہ رفیق، اور شاہان خان شامل ہوئے۔