چودھری سرور اصول پسند ہیں‘ استعفیٰ نوشتہ دیوار تھا: سلونی بخاری

30 جنوری 2015

لاہور(رفیعہ ناہیداکرام)تحریک انصاف شعبہ خواتین پنجاب کی صدر سلونی بخاری نے کہا کہ گورنرپنجاب کااستعفیٰ نوشتہ دیوار تھا وہ صاف سچے اور اصول پسند انسان ہیں حکومت کوکسی دشمن کی ضرورت نہیں یہ اپنی دشمن خود ہے، انہوںنے تجربے سے کچھ نہیں سیکھا۔ ’’نوائے وقت)) سے گفتگومیں انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک میںایک خاموش قسم کامارشل لاء ہے ۔  خارجہ پالیسی کہیں نظرنہیں آتی کوئی بندہ انہیں اس اہم وزارت کوسنبھالنے کیلئے نہیں ملا یہ دھاندلی سے آنے والی حکومت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی سے مذاکرات میں حکومت کی طرف سے رکاوٹیں پیداکی جارہی ہیں جوڈیشل کمیشن پرکوئی پیش رفت نہیں ۔  تحریک انصاف کے کارکن ابھی بھی احتجاج کیلئے اصرارکررہے ہیں مگر یہ وقت مناسب نہیں ملک کسی قسم کااحتجاج افورڈ نہیں کرسکتاتاہم افسوس کہ حکومت اپنی ذمہ داریوںسے پہلوتہی کررہی ہے اورچاہتی ہے کہ ہرطرف افراتفری ہولوگ سڑکوں پر نکلیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین ارکان اسمبلی کا کوئی مثبت کردار دکھائی نہیں دیتا بلکہ ارکان بھی کوئی کردار ادا نہیں کر رہے ہیں۔