کیا گارنٹی ہے جوڈیشل کمشن الیکشن شفاف قرار دے تو عمران دھرنا نہیں دینگے : پرویز رشید
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + صباح نیوز + آئی این پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے جوڈیشل کمیشن الیکشن کو شفاف قرار دے دے تو کیا گارنٹی ہے عمران خان اس کے خلاف دھرنا نہیں دیں گے۔ عمران خان نے عدالت کی توہین کرنے سے عدالت ہی کے اندر توبہ کی تھی، وہ چنیوٹ پل گرانا چاہتے ہیں، چنیوٹ والے انہیں ووٹ نہیں دیں گے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا پرائیویٹ جہاز پر عمرہ کا سفر کرنے والے دوسروں کی طرف انگلیاں اٹھاتے ہیں جن پر غبن کے مقدمات ہیں، عمران خان ان کے جھوٹے مقدمات پر بات کرتے ہیں، رمضان شوگر مل کے بارے میں عمران خان نے حقائق سے منافی باتیں کیں، ہائیکورٹ رمضان شوگر مل کے بارے میں الزامات کو رد کرچکی ہے۔ عمران خان عوام کے لئے بننے والے پلوں اور ہسپتالوں پر اعتراض کرتے ہیں، عمران خان عوامی فلاحی منصوبوں پر تنقید کرکے سیاست کررہے ہیں۔ جوڈیشل کمیشن کے بارے میںعمران نے پرانی باتیں دہرائیں۔ چنیوٹ میں حکومت پنجاب نے پل بنایا ہے تو عمران خان کو خوش ہونا چاہئے، عمران خان چار شکایات کرتے تھے جس وقت عمران خان 4 حلقے کھولنے کی بات کرتے تھے چاروں حلقے ٹربیونل میںکھل چکے تھے۔ عمران خان 8 مہینے تک عدالت میں پیش نہیں ہوئے، عدالت نے عمران خان اور ان کے وکیل کی عدم پیشی پر اشتہار بھی شائع کرایا۔ عمران خان نے عدالتوں میں معافی نامے بھی جمع کرائے۔ عمران خان نے جس رپورٹ پر خوشی کا اظہار کیا اب اس کیخلاف درخواست دیدی۔ عمران خان اس انصاف کو مانتے ہیں جو چیئرمین تحریک انصاف کا ہوتا ہے جو فیصلہ عمران خان کے حق میں آجائے، اس پر خوشی کا اظہار کرتے ہیں، جوڈیشل کمیشن کوئی فیصلہ دے، کیا عمران خان اس کے خلاف بھی درخواست دیں گے؟ انہوں نے کہا عمران خان نے افتخار چودھری پر الزامات عائد کئے پھر معافی مانگی، نجم سیٹھی پر 35 پنکچر کا الزام لگایا، نجم سیٹھی عدالت میں چلے گئے۔ پاکستان کو سکون میں نہ رہنے دینا عمران خان کی سیاست ہے۔ شیشے کے گھر سے دوسروں کو پتھر مار رہے ہیں۔ عمران خان مرضی کا فیصلہ کرانے والا کمیشن چاہتے ہیں۔ حکومت کمیشن بنانا اور عمران خان نہیں بنانا چاہتے۔ صباح نیوز کے مطابق پرویز رشید نے کہا عمران خان کو شیشے کے گھر میں بیٹھ کر دوسروں کو پتھر مارنے کی عادت مہنگی پڑے گی۔ طے ہوگیا ہے 9 فوجی عدالتیں بنیں گی جو جلد اپنا کام تیزی سے شروع کردیں گی۔ گورنر پنجاب آئینی حدود سے باہر نکل کر کام کرنا چاہتے ہیں اس نئی زندگی پر ہم انہیں ویلکم کہتے ہیں۔ آئی این پی کے مطابق پرویز رشید نے کہا بنی گالہ تخت سے مقبوضہ پشاور کنٹرول کیا جا رہا ہے ، بنی گالہ کی مداخلت سے ایماندار پولیس افسر کو نوکری سے استعفیٰ دینا پڑا۔ نجم سیٹھی کیس میں عدالت نے اشتہار چھپوا کر ان کو روپوش و مفرور قرار دلوایا ، ہوسکتا ہے کل جو ڈیشنل کمیشن کو بھی طلبی کےلئے ایسا اشتہار نہ دینا پڑ جائے۔ عمران خان نے پریس کانفرس میں رمضان شوگر مل کے حوالے سے جھوٹ بولا، پریس کانفرنس سے ڈیڑھ گھنٹہ قبل ہائی کورٹ وہ درخواست رد کر چکی تھی۔
پرویز رشید