نجی سکول میں میٹرک کے طالبعلم کی گولی مار کر خودکشی کی مبینہ کوشش، حالت تشویشناک
لاہور (سٹاف رپورٹر) نجی سکول میں میٹرک کے طالبعلم نے مبینہ طور پر خودکشی کی کوشش کرتے ہوئے خود کو گولی مار لی تمام تر حالات مشکوک ہونے پر پولیس کی تفتیش جاری ہے۔ پولیس نے سکول انتظامیہ کی مدعیت پر زخمی بچے کیخلاف اقدام خود کشی اور پسٹل لانے والے اس کے دوست کیخلاف ناجائز اسلحہ رکھنے کا مقدمہ درج کر لیا ہے اسلحہ سکول لانے والے طالبعلم کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے اسلحہ کی سکول میں موجودگی نے سکول کی سکیورٹی پر سوالیہ نشان لگا دیا۔ شدید زخمی طالبعلم کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس کے مطابق زخمی ہونیوالے طالبعلم نے پہلے بھی متعدد بار خودکشی کی کوشش کی سکول انتظامیہ اس حوالے سے اس کی والدہ کو بتا چکی تھی۔ معلوم ہوا ہے کہ تھانہ برکی کے علاقہ ڈوگرے خرد میں واقع نجی سکول میں الفصل ٹا¶ن جوڑے پل کا رہائشی میٹرک کا طالبعلم حیدر احمد زیر تعلیم تھا گذشتہ روز حیدر کا دوست زیب پسٹل لیکر سکول آیا حیدر نے مبینہ طور پر دوست زیب کے بیگ سے پسٹل نکالا اور واش روم میں جا کر پسٹل سے چھیڑ چھاڑ شروع کر دی اسی دوران اچانک گولی چل گئی جو حیدر کے کندھے پر لگی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ زخمی طالبعلم کا والد بیرون ملک ہے پولیس نے سکول کے ایڈمن آفیسر احمد مرتضی کی مدعیت میں زخمی طالبعلم اور اس کے دوست کیخلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
خودکشی کی کوشش