مرغابی کے غیرقانونی شکار پر 19 افراد گرفتار

30 جنوری 2015

لاہور (سپورٹس رپورٹر) محکمہ جنگلی حیات و پارکس پنجاب کے صوبہ بھر میں رواں موسم شکار میں غیرقانونی شکاریوں کے خلاف جاری آپریشن کے دوران لاہور کے گرد و نواح سے درجنوں مرغابی کے غیرقانونی شکاریوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیل کے مطابق ڈسٹرکٹ وائلڈ لائف آفیسر شیخوپورہ نے اپنے عملہ کے ہمراہ لاہور بارڈر ایریا کے قریبی دیہات میروال تحصیل مرید کے ضلع شیخوپورہ سے مرغابی کے 19 غیرقانونی شکاریوں توقیر حسین، نوید مسیح، ولیم یوسف، نصیب عید خان، نصیب سلیمان خان، محمد تسلیم، منیر احمد، محمد جاوید، ریاض احمد، منصور احمد، محمد ناصر، محمد عمران، محمد وسیم، محمد ندیم، محمد احد، حذیفہ، محمد زبیر، عمران اور محمد صغیر کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کی طرف سے محکمانہ معاوضہ کی درخواست پر ان سے مجموعی طور پر ایک لاکھ اٹھانوے ہزار روپے وصول کر کے سرکاری خزانے میں جمع کروائے اور کیس نمٹا دیا۔