الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی فہرستوں کی تصدیق کےلئےکراچی کو تین زونز میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ شکایات کے اندراج کے لئے صوبائی الیکشن کمیشن سندھ میں آرمی اسسٹنس سیل بھی قائم کر دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق سیکریٹری الیکشن کمیشن اور سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ آصف یاسین کے درمیان الیکشن کمیشن میں ہونے والی ہونے والی ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کراچی میں نئی ووٹر لسٹوں کے لئے کراچی کو تین زونز میں تقسیم کیا جائے۔ اور انتخابی فہرستوں کی گھر گھر تصدیق کے عمل کے لئے مزید سیکیورٹی بڑھائی جائے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی فہرستوں کی تصدیق کےلئےکراچی کو نیوٹرل، حساس اور حساس ترین زونز میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی کے اقدامات متعلقہ زون کی حساسیت کی نوعیت کے مطابق اٹھائے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق حساس ترین زون میں فوج کی سیکیورٹی فوری بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔