پاکستان مظلوم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا اخلاقی سہارا ہے : علی گیلانی
سرینگر (اے پی پی) بزرگ کشمیری حریت رہنماءسید علی گیلانی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان مظلوم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا ایک اخلاقی سہارا ہے اور مسئلہ کشمیر کے حتمی حل کےلئے مستحکم اور خوشحال پاکستان ناگزیر ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے جماعت اسلامی پاکستان کے زیر اہتمام لاہور میںسابق امیر قاضی حسین احمد کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے ٹیلی فون پر خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو تشویش ناک قرار دیا۔ انہوںنے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ علاقے میں فوجی طاقت کے بل قبرستان جیسی خاموشی قائم کر رکھی ہے جسے امن کا نام دیا جارہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت نے آزادی پسند سیاست دانوں کی سرگرمیوں پر قدغن عائد کرنے کے علاوہ سینکڑوں کشمیریوں اور نوجوانوںکوبلا جواز گرفتار اور جیلوں میں نظربند کر رکھا ہے ۔