قطرمیں افغان طالبان اورامریکہ کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے، امریکا نے قیدیوں کے تبادلےکا وعدہ کیا لیکن امن مذاکرات شروع کردئیے۔ طالبان
امریکی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ افغان طالبان اورامریکہ کے درمیان قطرمیں ہونےوالےمذاکرات ناکام ہوگئے ہیں۔ امریکہ نے طالبان سے مطالبہ کیاتھا کہ وہ قیدیوں کے تبادلے سے پہلے افغانستان میں جنگ بندی کااعلان کریں جسے طالبان نے تسلیم کرنے سے انکارکردیا۔ میڈیارپورٹ کے مطابق کچھ روزقبل قطر پہنچنے والے طالبان کے وفد نے امریکی حکام سے باہمی اعتمادکی بحالی اورقیدیوں کی رہائی کے بدلے بات چیت کی۔ طالبان دوہزار دوسے گوانتامو بے میں قید اہم رہنماؤں کی رہائی کے خواہشمند ہیں اور اس حوالے سے بات چیت گزشتہ کئی سال سے جاری تھی۔ طالبان کا کہناہے کہ امریکہ نے قطر میں قیدیوں کے تبادلے کےحوالے سے بات چیت کرنا تھی لیکن اس نے امن مذاکرات شروع کردئیے جو انہیں کسی صورت منظورنہیں۔طالبان کا کہنا ہے کہ امن مذاکرات کیلئے ان کاموقف نہیں بدلا،غیرملکی افواج کے افغانستان سے نکلنے پر ہی جنگ بندی ہوگی۔ دوسری جانب میڈیارپورٹس کے مطابق طالبان کے ساتھ مذاکرات کا اگلا دور سعودی عرب میں ہوگا جس میں افغانستان اور پاکستان بھی شامل ہوں گے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد اور کابل کے اعلی حکام طالبان کے ساتھ مذاکرات کے لئے تیارہیں۔ برطانوی نشرياتی ادارے کے مطابق افغان صدرحامد کرزئی طالبان کے نمائندوں سے سعودی عرب ميں ملاقات کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہيں.کابل ميں سينئرافغان حکام نے بتايا کہ طالبان بھی اس ملاقات کے ليے رضامندی کا اظہارکرچکے ہيں.