بارشوںسے خطرات پر قابو پانے کیلئے کے الیکٹرک کے اقدامات
کراچی(کامرس رپورٹر) کے الیکٹرک کی جانب سے مون سون کے آغاز سے قبل، خدمات کی فراہمی اور بارشوں سے پیدا ہونے والے خطرات میں کمی ، پلانڈ انفراسٹرکچر اپ گریڈ اوربجلی کے نظام میں بہتری لانے کیلئے ڈسٹربیوشن انویسٹمنٹ پلان پر تیزی سے کام جاری ہے ۔ان اقدامات میں ڈسٹری بیوشن انفراسٹرکچر کو مستحکم کرنا ، سب اسٹیشنوں کو واٹر پروف بناناشامل ہے ،جن کی نشاندہی پہلے سے کی جاچکی ہے۔ پرانے آلات اور تاروں کی تبدیلی کے علاوہ شہری ایجنسیوں کی جانب سے نکاسی آب کے لیے کی جانے والی کوششوں میں مدد کی فراہمی بھی ان اقدامات میں شامل ہیں۔ اس حوالے سے، کے الیکٹرک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 9.5 ارب روپے کی اضافی سرمایہ کاری کی منظوری دی جاچکی ہے، جو خصوصاً بارش سے پیدا ہونے والے خطرات کم کرنے کے لیے استعمال کی جائے گی۔ اس میں سے 1.5 ارب روپے کی رقم مجوزہ منصوبے کے پہلے سال میں استعمال کی جائے گی۔ اضافی رقم،ادارے کی پہلے سے منظور شدہ،ڈسٹربیوشن بجٹ برائے 2020 جو کہ 24.4 ارب روپے ہے کی سرمایہ کاری کے علاوہ ہے،جس کا مقصد انفراسٹرکچر کو جدید اور ڈسٹربیوشن نیٹ ورک میں حفاظتی انتظامات بہتر بنانا ہے۔شہر کراچی اور ارد گرد کے علاقوں میں بجلی کی قابل بھروسہ اور محفوظ فراہمی یقینی بنانے کے عزم کے تحت، کے الیکٹرک کی ٹیموں نے پہلے ہی ڈیفنس فیز 8، خیابان اقبال اور خیابان قاسم جیسے علاقوں میں اپ گریڈیشن اور بہتری شروع کردی ہے۔اسی طرح، بلال چورنگی اور سنگر چورنگی کے درمیان کورنگی انڈسٹریل ایریا کے علاقوں میں بارش سے پیدا ہونے والے خطرات کم کرنے اور بجلی کی فراہمی مزید بہتر بنانے کے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔ڈیفنس کے علاقے خیابان محافظ میں بجلی چوری سے محفوظ ایرئیل بنڈلڈ کیبل (ABC) کی تنصیب کا سلسلہ بھی جار ی ہے اور یہ منصوبہ جون 2021میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔ان اقدامات کی بدولت بجلی کی بلاتعطل فراہمی اور جلد بحالی کے قدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔کے الیکٹرک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے باقاعدہ تعاون اور شمولیت کی بھی سفارش کی گئی ہے، جو زیادہ سے زیادہ باہمی تعاون کی کوششوں کا باعث بنے گی اور اس بات کو یقینی بنائے گی کہ آئندہ مون سون کے آغاز سے قبل تمام ادارے اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ شہر کے ڈرینیج سسٹم کی صفائی، اور تجاوزات کے خلاف اقدامات بر وقت مکمل کیے جاسکیں، جو بارشوں کے دوران کے الیکٹرک کی ٹیموں کے لئے مینٹینینس، اپ گریڈیشن اور بحالی کے کام انجام دینے میں رکاوٹ کا باعث بنتے ہیں۔