وزیراعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف نے سکولوں اور کالجوں کی سیکیورٹی کے غیرمعمولی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کی سکیورٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہو گا
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت ایوان وزیراعلٰی لاہور میں اعلٰی سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلٰی پنجاب کا کہنا تھا کہ سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں فول پروف سکیورٹی کے حوالے سے جلد سے جلد اقدامات مکمل کیے جائیں۔ پولیس امن عامہ یقینی بنانے کےلئے جانفشانی سے فرائض سرانجام دے۔ انہوں نے کہا کہ غیر معمولی حالات میں غیرمعمولی اقدامات کرنا پڑتے ہیں۔ عوام کی جان و مال کے تحفظ اور تعلیمی اداروں کی فول پروف سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ شہباز شریف نے اسلحہ کی نمائش پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا۔۔