بلدیاتی انتخابات: الیکشن کمشن کا اہم اجلاس آج ہو گا
اسلام آباد (صباح نےوز) بلدیاتی انتخابات، حلقہ بندیوں اور دوسرے اہم امور کا جائزہ لینے کے لیے الیکشن کمشن کا اہم اجلاس آج ہو گا، اجلاس چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہو گا۔ اجلاس میں صوبوں کی جانب سے پیش کردہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی سفارشات بھی زیر بحث آئیں گیں۔ خیبر پی کے، پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے جائزہ لیا جائے گا۔ نئے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے بعد یہ پہلا باضابطہ اجلاس ہو گا۔ اس سے پہلے 26 دسمبر کا اجلاس سانحہ پشاور کے پیش نظر ملتوی کر دیا گیا تھا۔ اجلاس میں الیکشن کمشن کے چاروں ارکان اور صوبائی الیکشن کمشنرز شریک ہوں گے۔ چیف الیکشن کمشنر کو الیکشن کمشن کے معاملات پر بریفنگ دی جائے گی۔ مارچ کے مہینے میں ہو نے والے بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
الیکشن کمشن اجلاس