وزیر داخلہ نے نیکٹا کا پہلا اجلاس کل طلب کرلیا
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے قومی انسداد دہشت گردی اتھارٹی نیکٹا کا پہلا اجلاس بدھ کو طلب کر لیا ہے جو ان کی صدارت میں منعقد ہو گا نیکٹا ایک خود مختار ادارہ ہے جو براہ راست وزیراعظم کو جوابدہ ہے۔ نیکٹا، قومی ایکش پلان پر عملدرآمد کے سلسلے میں ایک اہم کردار ادا کرے گا۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد نوازشریف کی ہدایت پر نیکٹا نے دہشت گردی اور دوسری شکایات درج کرانے کے لئے مخصوص ٹیلی فون لائن قائم کی ہے۔ جس کا نمبر1717 ہے۔ وزارت داخلہ نے تمام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گرد و نواح کے بارے میں ہوشیار رہیں اور کسی مشکوک سرگرمی یا شخص کی موجودگی کی اطلاع دیں۔