باکسر عامر خان کی آرمی چیف سے ملاقات، فوج کو خراج تحسین، سانحہ پشاور کی مذمت
راولپنڈی + پشاور (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے گذشتہ روز ملاقات کی۔ عامر خان نے سانحہ پشاور کے شہداءکے لواحقین اور مسلح افواج سے اظہار یکجہتی کا اظہار کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق برطانوی باکسر عامر خان کی آرمی چیف سے ملاقات جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی۔ عامر خان نے آرمی چیف سے ملاقات مےں سانحہ پشاور کے شہداءکے لواحقین سے افسوس کا اظہار کیا اور ملکی افواج کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے پشاور میں معصوم بچوں پر وحشیانہ تشدد کی مذمت کی۔ آرمی چیف نے پاکستان کے لئے عامر خان کی خدمات کو بھی سراہا۔ علاوہ ازیں پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ پاک فوج کی مدد سے ملک میں دہشتگردی کو ختم کرنے کی ضرورت ہے، سانحہ پشاور میں شہید ہونے والوں کیلئے دعا گو ہوں۔ پشاور میں معصوم بچوں اور اساتذہ کو شہید کیا گیا بچوں کو اس طرح شہید کرنا نہایت ہی افسوسناک ہے۔ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کے بعد آرمی پبلک سکول پشاور کا دورہ کیا جہاں پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا سانحہ کے شہداءکی تصویر دیکھ کر بہت دکھ ہوا معصوم بچوں کو اس طرح مارنا انتہائی افسوسناک عمل ہے، بچے پاکستان کا مستقبل ہیں دہشت گردوں نے سکول پر نہیں ہمارے مستقبل پر حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں سکیورٹی انتظامات بہتر بنانے کی ضرورت ہے ہمارے بچوں کو ہر صورت تعلیم حاصل کرنا ہوگی، حملے کے بعد بچے خوف کا شکار ہیں، میں ان کا حوصلہ بڑھانے کے لئے پشاور آیا ہوں کیونکہ بچوں میں اعتماد بحال کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ میڈیا سے گفتگو کے بعد عامر خان شہید طالبعلم باقر خان کے گھر گئے جہاں پر انہوں نے ان کے اہلخانہ سے ملاقات کر کے باقر کی شہادت پر اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے اس موقع پر شہید بچوں کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ انہوں نے کہا ہمیں فوج اور عوام کی مدد سے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہے۔
عامر خان / آرمی چیف سے ملاقات