انارکلی : پلازے میں ہولناک آتشزدگی‘ جھلسنے‘ دم گھٹنے سے 13 افراد جاں بحق
لاہور (نامہ نگار/ سٹاف رپورٹر) نئی انارکلی کے تین منزلہ خالد پلازہ کی مارکیٹ میں ہولناک آتشزدگی کے باعث دم گھٹنے اور جھلس جانے کے باعث دو کزنوں، ایک خاتون، 5 سالہ بچے سمیت 13 افراد ہلاک اور 4 شدید زخمی ہوگئے جبکہ کروڑوں روپے مالیت کا سامان جل کر تباہ ہوگیا۔ آگ اتنی شدید تھی کہ ہر طرف دھویں کے بادل چھا گئے جبکہ پلازہ میں پھنسے افراد کے لواحقین دھاڑیں مار کر روتے اور اپنے پیاروں کی زندگی کے لئے دعائیں کرتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق انارکلی کے علاقہ میں واقع تین منزلہ خالد پلازہ کی الکریم مارکیٹ میں الیکٹرانکس، گھڑیوں اور کپڑے کی دکانیں و گودام تھے جن میں دو منزلوں پر 35 سے زائد دکانیں تھیں جبکہ تیسری منزل پر گودام واقع تھے اور وہاں 50 سے زائد لوگ موجود تھے۔ گزشتہ شام پلازے میں گراﺅنڈ فلور پر ایک گھڑیوں کی دکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ اتنی شدید تھی کہ اس نے چند ہی منٹ میں پورے پلازے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ پلازے کی دوسری اور تیسری منزلوں سے چند افراد ہی پلازے میں سے باہر نکلنے میںکامیاب ہوسکے۔ وہاںبھگدڑ مچ گئی جبکہ اردگرد کے پلازے بھی خالی کرا لئے گئے۔ آگ اتنی شدید تھی کہ میلوں دور دھویں کے بادل دکھائی دیتے رہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس ریسکیو 1122 کی فائر سروس، ایدھی فاﺅنڈیشن، فائر بریگیڈ کا عملہ اور دیگر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔ امدادی ٹیموں نے نعشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا۔ ڈی سی او کیپٹن (ر) عثمان احمد، کمشنر لاہور راشد لنگڑیال، مسلم لیگی رہنما پرویز ملک، بلال یٰسین بھی موقع پر پہنچ گئے۔ امدادی ٹیموں نے تین گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ ریسکیو 1122 کے حکام نے رات 9 بجے پلازہ کو کلیئر کردیا جبکہ کولنگ کا عمل جاری رہا۔ ادھر میوہسپتال میں بھی مرنے والے اور زخمیوں کے لواحقین کی بڑی تعداد پہنچ گئی۔ بعض افراد نعشوں سے لپٹ کر روتے رہے اور ایک دوسرے کو گلے لگا کر حوصلہ دیتے رہے۔ علاقے میں دھواں ہی دھواں پھیل گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ سے لگی۔ ڈی سی او لاہور نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس افسوسناک سانحہ میں 13افراد جاں بحق ہوئے۔ ایم ایس میو ہسپتال ڈاکٹر امجد کے مطابق زیادہ تر افراد کی موت دم گھٹنے سے ہوئی تھی جبکہ ان کے جسم بھی جھلسے ہوئے تھے جبکہ زخمی افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے نئی انارکلی کے پلازہ میں آتشرزدگی سے13 افراد کی موت اور مالی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے جھلسے ہوئے افراد کو فوری طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم محمد نوازشریف‘ صدر ممنون حسین‘ گورنر پنجاب محمد سرور‘ وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک، ایم این اے حمزہ شہباز شریف، اے این پی کے سربراہ اسفندیار ولی، ق لیگ کے صدرچودھری شجاعت حسین، چودھری پرویز الٰہی، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق‘ سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، قائد ایم کیو ایم الطاف حسین‘ سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال‘ مولانا سمیع الحق‘ مولانا فضل الرحمن اور دیگر نے لاہور کے پلازے میں آتشزدگی سے ہونے والے جانی نقصان پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعہ کی تحقیقات کیلئے پرویز ملک کی سربراہی میں کمیٹی بنا دی ہے اور 24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کرلی گئی۔ کمیٹی آتشزدگی کی وجوہات اور نقصان کے ازالہ کے لئے سفارشات بھی دے گی۔ پنجاب حکومت نے سانحہ میں جاں بحق افراد کے ورثا کیلئے فی کس 5 لاکھ جبکہ زخمیوں کے لئے ایک ایک لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔ ادھر تاجر تنظیموں نے جھلس کر جاں بحق ہونے والے تاجروں کے سوگ میں آج مال روڈ‘ انارکلی اور دیگر علاقوں میں کاروبار اور دکانیں بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
آگ