ذکی الرحمن لکھوی کی نظربندی کے احکامات معطل‘ بھارت کا ہائی کمشنر کو طلب کر کے احتجاج‘ پاکستان نے مسترد کر دیا
اسلام آباد (وقائع نگار+ ایجنسیاں) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ممبئی حملہ کیس کے ملزم ذکی الرحمن لکھوی کی ضمانت کے بعد نظربندی کے احکامات کو معطل کر دیا ہے۔ جسٹس نور الحق این قریشی نے مقدمے کی سماعت 15جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے حکومت سے تفصیلی جواب طلب کیا ہے جبکہ ملزم کو ضمانتی مچلکے داخل کرانے اور ٹرائل کورٹ میں ہر پیشی پر حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ٹرائل کورٹ نے ذکی الرحمن لکھوی کی پانچ، پانچ لاکھ کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی مگر حکومت نے بھارتی دباﺅ پر ان کو 30روز کے لئے نظربند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ ضمانت کی منظوری کے بعد نظربندی کا حکم غیرقانونی اور عدالتی احکامات کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔ وفاق کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ذکی الرحمن لکھوی کی ضمانت کے خلاف موسم سرما کی تعطیلات کے بعد اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے مقدمے کی تیاری کے لئے مہلت طلب کی جس پر عدالت نے نظربندی کا 18دسمبر کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔ عدالت نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ سٹینڈنگ کونسل عدالت کی معاونت نہیں کر سکے اور انہوں نے مزید وقت مانگ لیا ہے۔ عدالت کے پاس درخواست گزار کے نظربندی کے احکامات معطل کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔ دوسری جانب بھارت نے پاکستان سے شدید احتجاج کیا ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ نے پاکستانی ہائی کمشنر کو طلب کرکے احتجاج کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ نے ذکی الرحمن لکھوی کی اسلام آباد ہائیکورٹ سے رہائی کے فیصلے پر شدید احتجاج کیا ہے اور بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عبد الباسط کی بھارتی وزارت خارجہ میں طلب کیا اور ذکی الرحمن کی رہائی کے فیصلے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ذکی الرحمن لکھوی ممبئی حملہ کیس کا ملزم ہے رہائی کیوں دی گئی ہے۔
اسلام آباد(سہیل عبدالناصر)پاکستان نے بھارت پر واضح کیا ہے کہ ذکی الرحمٰن لکھوی کے مقدمہ میں فیصلہ پاکستان کی اعلیٰ عدلیہ نے دیا ہے جس میں حکومت مداخلت نہیں کر سکتی۔ جہاں تک حکومت پاکستان کا معاملہ ہے تو اس نے مذکورہ مقدمہ میں اپنی قانونی اور انتظامی ذمہ داریاں بدرجہ اتم ادا کی ہیں۔ پیر کے روز ذکی الرحمٰن لکھوی کے معاملہ پر بھارت کے فوری ردعمل کے جواب میں اسلام آباد میں دفتر خارجہ نے بھارتی ہائی کمیشن اور نئی دہلی میں پاکستان کے ہائی کمشنر نے بھارتی وزارت برائے خارجہ امور کو یہ بات بتائی۔ بھارت پر واضح کیا گیا کہ ذکی الرحمٰن لکھوی کے معاملہ پر حکومت نے بخوبی اپنی ذمہ داریاں پوری کی ہیں۔ حکومت پاکستان اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ اور اس ضمن میں اسے کسی ہدائت کی ضرورت نہیں۔
پاکستان جواب