دھاندلی : جوڈیشل کمشن بننے اور اس کا فیصلہ آنے تک قومی اسمبلی میں نہیں جائیں گے : عمران
اسلام آباد (ایجنسیاں) عمران خان نے واضح کر دیا ہے کہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کے لئے عدالتی کمشن کا نتیجہ نکلنے تک قومی اسمبلی میں واپس نہیں آئیں گے۔ کسی فلاحی منصوبے کے لئے پاکستان کی کسی ایسی شخصیت سے عطیہ نہیں لے سکتا جس کے نتیجہ میں میرے ہاتھ پاﺅں بندھ جائیں۔ حکومت کو اپنے ضابطہ کار کے منافی کام کرنے والی این جی اوز کا احتساب کرنا چاہئے، 17 جنوری کو آزادی چوک میں احتجاجی تحریک میں قربانیاں دینے اور جیلوں میں جانےوالے کارکنوں کو اعزازات دیئے جائیں گے، ڈیڑھ ارب روپے مل گئے ہیں ایک سال میں پشاورکا کینسر ہسپتال بن جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں شوکت خانم ٹرسٹ کی انتظامیہ کے ساتھ نئے کینسر ہسپتال کے لئے عطیات کی قومی اپیل کے لئے پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ عمران نے کینسر ہسپتال پشاور کے لیے اپنی جانب سے دس لاکھ روپے کے عطیہ کا اعلان کیا اور قوم کو یقین دہانی کروائی کہ عطیات کے ایک ایک پیسے کا حساب پیش کیا جائے گا۔ عمران خان نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف سے ڈیفنس ہاﺅسنگ اتھارٹی کے فیز سیون میں مختص ہسپتال اراضی کو کینسر ہسپتال کو دینے کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ اس بارے میں خط بھی لکھا گیا ہے۔ عمران نے کہا کہ پاکستان کو کم از کم دس کینسر کے علاج کے تسلیم شدہ مراکز کی ضرورت ہے۔ سندھ حکومت نے ہمیں کراچی میں انتہائی دور دراز علاقے میں زمین دی وہاں ڈاکٹرز اور نرسیں و دیگر طبی عملے کیسے جا سکتا تھا۔ ڈی ایچ اے میں جگہ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں قوم نے کبھی مایوس نہیں کیا، ہر منصوبے کے لئے دل کھول کر مدد کی، بیرون ملک پاکستانیوں کے لئے ڈیڑھ کروڑ ڈالر کے عطیات کوئی بڑی رقم نہیں ہے۔ پشاور کا کینسر ہسپتال 250 سے 300 بستروں پر مشتمل ہو گا۔ دوسری جانبتحریک انصاف نے وفاقی حکومت کی طرف سے دھاندلی کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمشن کی تشکیل نہ دیئے جانے پر متبادل حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ حکومتی سرد مہری کی شکل میں پی ٹی آئی 4 جنوری سے متبادل پلان پر عمل کرتے ہوئے14 جنوری کو احتجاجی جلسوں اور جلوسوں کے لئے شیڈول تیار کرے گی اور ابتدائی طور پر احتجاجی جلسے کرنے کے بعد قیادت لانگ مارچ اور ڈی چوک میں ایک بار پھر دھرنے دینے کے لئے کارکنوں کو کال دے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت کو ابھی یقین ہے کہ حکومت موثر جوڈیشل کمشن تشکیل دیکر تحقیقات کا آغاز کردے گی۔
عمران