بجلی‘ گیس کے نرخ عام آدمی کی پہنچ میں لائے جائیں‘ نوازشریف : لوڈشیڈنگ کم سے کم کرنیکی ہدایت
اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی + نیٹ نیوز) وزیراعظم محمد نوازشریف کی زیرصدارت کابینہ کی توانائی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ جس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف، وزیر مملکت عابد شیر علی اور وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف شریک ہوئے۔ اس اجلاس میں گزشتہ 5 اجلاسوں کے دوران کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ توانائی کے منصوبوں پر وزارت پانی و بجلی نے بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو سستی بجلی کی فراہمی کے لئے کوششیں تیز کی جائیں۔ 2015ءکے موسم گرما تک بجلی فراہمی کے عمل میں بہتری لائی جائے، ڈیوٹی فری سولر پینل کی درآمد سے بجلی کے نظام پر بوجھ کم ہو گا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ توانائی کے کم لاگت کے منصوبے شروع کئے جائیں۔ آئندہ موسم گرما کے لئے بجلی کے نظام کو بہتر کیا جائے۔ گیس اور بجلی کے نرخ عام آدمی کی پہنچ میں لانے کے اقدامات کئے جائیں۔ توانائی کے شعبے میں بیرونی سرمایہ کاری خوش آئند ہے، توانائی کی پیداوار کے کم خرچ منصوبے فوری شروع کئے جائیں اور تمام منصوبے مقررہ ڈیڈ لائن میں پورے کئے جائیں، عوام کو لوڈشیڈنگ سے زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے اور 2015ءتک بجلی کی ترسیل بہتر بنائی جائے۔ ڈیوٹی فری سولر پینل کی درآمد بڑھائی جائے۔ قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے بنائی گئی نگران کمیٹی اور ورکنگ گروپوں کی سفارشات کو حتمی شکل دینے کیلئے خصوصی اجلاس آج وزیراعظم کی زیرصدارت ہو گا۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف‘ وزیر داخلہ چودھری نثار‘ وفاقی وزرائ‘ قانونی و سیاسی ماہرین سمیت دیگر اعلیٰ فوجی حکام بھی شرکت کریں گے‘ اجلاس میں انسداد دہشت گردی کے قومی لائحہ عمل پر پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا‘ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں پیشرفت کا جائزہ لے کر آئندہ کی حکمت عملی بارے اہم فیصلے ہونگے جس میں خصوصی عدالتی نظام، دہشت گردوں کو جلد سزائیں دینے کا طریقہ کار بھی شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کو سزائیں دینے کے لئے آئینی ترمیم کا مسودہ بھی تیار کرلیا گیا ہے جسے منظوری کے لئے آج سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ مسودہ میں فوجی عدالت کی بجائے سپیشل ٹریبونلز کا لفظ استعمال کیا گیا ہے۔ نئی آئینی ترمیم کے ذریعے دستور کا آرٹیکل A-212 بدل دیا جائے گا۔ یہ آرٹیکل جنرل ضیاءالحق کے مارشل لاءکی فوجی عدالتیں ختم کرنے کے لئے لایا گیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے اجلاس میں آئینی ترمیم کی پارلیمنٹ سے منظوری کی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف آج آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے بھی اہم ملاقات کرینگے جس میں وزیراعظم اور آرمی چیف فوجی عدالتوں کے قیام سے متعلق ہونیوالی 21ویں آئینی ترمیم کے بارے مےں تبادلہ خیال کرینگے، دہشتگردی کیخلاف موثر ایکشن اور ملک بھر کے تعلیمی اداروں اور دیگر اہم تنصیبات کی سکیورٹی سے متعلق حکمت عملی پر تبادلہ خیال کرینگے ۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے آئین میں ترمیم کیلئے اپنا ہوم ورک مکمل کرلیا ہے، 5 جنوری کو قومی اسمبلی کا اجلاس بھی بلایا جا رہا ہے اس سلسلے میں تمام ارکان پارلیمنٹ کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایات بھی کردی گئی ہیں اور تمام جماعتوں کے بیرون ملک گئے ارکان پارلیمنٹ کو بھی واپس بلا لیا گیا ہے توقع کی جا رہی ہے کہ اکیسویں آئینی ترمیم کو ایک روز میں قومی اسمبلی اور ایک روز میں سینٹ سے منظور کروانے کیلئے حکومت نے کام مکمل کرلیا ہے ۔ وزیراعظم ان تمام اقدامات کے حوالے سے آرمی چیف کو اعتماد میں لینگے۔ وزیراعظم نوازشریف سے چیف سیکرٹری پنجاب نے الوداعی ملاقات کی ہے۔ وزیراعظم نے چیف سیکرٹری کی خدمات کو سراہا۔چےف سےکرٹری پنجاب نوےد اکرم مدتِ ملازمت پوری کرکے رےٹائر ہو گئے ہیں، انہوں نے وزےراعظم محمد نوازشرےف سے الوداعی ملاقات کی۔ وزےراعظم نے نوےد اکرم کی خدمات کو سراہا۔
نوازشریف