عید میلادالنبی کے حوالے سے پی ٹی وی کے خصوصی پروگرام
حیات سیف
پاکستان ٹیلی ویژن نے ربیع الاول میں حضرت محمدؐ کی ولادت با سعادت کی مناسبت سے پروگرام ریکارڈ کئے جنہیں پی ٹی وی کی سپیشل میراتھن ٹرانسمیشن رحمتہ العالمین کے ٹائٹل سے پی ٹی وی ہوم، نیوز سے نشر کیا جائے گا۔ پروگرام میں آقا علیہ الصلوۃ السلام کے حضور گلہائے عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک کے نامور جید علماء کو اسٹوڈیوز میں پروگراموں میں شرکت کی دعوت دی جنہوں نے آقا کی زندگی مبارک کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی وہ تو یہاں تک کہہ گئے کہ نبی آخر الزمان کے مدحت سرا تواغیار بھی ہیں۔ رب کائنات نے حضرت محمدؐ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت العالمین بنا کر بھیجا۔ آمنہ کے لعل کو سارے جہانوں اور اس میں بسنے والی مخلوقات کیلئے سراپا رحمت بنا کر بھیجا جن و انس، ہجر و شجر آپ کے سامنے سرنگوں ہو گئے اسلامی تاریخ اس بات کی شاہد ہے کہ جانوروں نے بھی اپنے ساتھ ہونیوالے ناروا سلوک پر اپنی عرض گذاشت پیش کیں جس پر حضرت محمدؐ نے بنی نوع انسان کو جانوروں کیساتھ صلح رحمی اور اچھے برتائو کا درس دیا آقا الصلوۃ السلام کی تشریف آواری سے پہلے معاشرہ دگرگوں حالات میں تھا نہ صرف معاشرتی برائیاں بدرجہ اتم موجود تھیں بلکہ انتہا درجے کے ناروا سلوک اور بڑے چھوٹے کی تمیز بھی عام دیکھی جاتی تھی انسانی تاریخ میں ان برائیوں کی مثال ماضی بعید میں دیکھی گئی کہ اتنا انسانیت سوز سلوک اقوام کی تاریخ میں نہ دیکھا گیا اگر اس وقت کے کسی گھر میں بیٹی پیدا ہو جاتی تو وہ گھر خوشیوں کی بجائے ماتم کدہ بن جاتا اگر کوئی فوت ہو جاتا تو اس گھر میں بھی صف ماتم بچھ جاتی۔ عورت کیلئے جائیداد نان و نفقہ میں کوئی حصہ نہ تھا معاشرہ میں عورت کا کوئی خاص مقام نہیں تھا۔ طبقاتی اونچ نیچ کا فرق واضح تھا کہ بدو اگر صبح کے وقت سرداران مکہ کے سامنے آجاتا تو وہ سردار اس دن کو نحوست کا دن قرار دیتا معاشرہ میں دینی ، تہذیبی کوئی اقدار نہیں تھی لوگ بت پرست تھے وہ ایک خدا کی بجائے کئی خدائوں کو پوجتے تھے ان تمام تر معاشرتی ناانصافیوں، ناہمواریوں کو ختم کرنے کیلئے آپؐ تشریف لائے آپؐ کے وجود اطہر سے اس معاشرہ اور اس میں بسنے والے لوگوں کو فرسودہ نظام سے نجات ملی پیارے دین کی اشاعت و تبلیغ کیلئے اللہ کے محبوب کو بڑی سختیاں جھیلنی پڑیں جسم مبارک کو لہو لہان کر دیا گیا اپنوں اور غیروں نے مصائب کے پہاڑ کھڑے کر دئیے اتنی اذیتیں دیں کہ اسلا می تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی طائف کے واقع پر سیدنا جبرائیل نے پوچھا کہ اللہ کے محبوب اگر آپ چاہیں تو جبرائیل اللہ رب العزت کے حکم سے پر ماریں تو یہ بستی صفحہ ہستی سے مٹ جائے جس کے بسنے والوں نے آپ کو اتنی تکلیفیں دیں آپ رحمتہ العالمین تھے آپ نے فرمایا کہ جبرائیل میرے ساتھ بیٹھ اپنے رب سے دعا کریں کہ اللہ ان کی اگلی نسلوں سے اسلام کے بڑے سپوت پیدا فرمائے جبرائیل نے آمین کہا آپکی زندگی مبارکہ کے تمام تر پہلوئوں کا احاطہ کرتے ہوئے آپکے قومی چینل نے بہترین پروگراموں کا گلدستہ تیار کیا ہے پی ٹی وی لاہور نے جو پروگرام تیار کئے ہیں ان کی تفصیل کچھ یوں ہے۔
1۔ کل پاکستان محفل حسن قرات2۔ کل پاکستان محفل نعت 3۔ قصیدہ بردہ شریف 4۔حیات طیبہ 5۔صوبائی مقابلہ نعت خوانی 6۔نعتیہ مشاعرہ
1۔ کل پاکستان محفل حسن قرات
90 منٹ دورانیہ کا پروگرام کل پاکستان محفل حسن قرات رحمت العالمین ٹرانسمیشن کیلئے ریکارڈ کیا جائیگا حسب سابق پاکستان ٹیلی ویژن نے تمام صوبہ جات اور آزاد کشمیر کے خوش لہن قراء حضرات کو اس محفل میں شرکت کی دعوت دی یہ پروگرام بادشاہی مسجد میں ریکارڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے پروگرام کے میزبان ڈاکٹر طاہر رضا بخاری اور قراء حضرات میں قاری سید صداقت علی،قاری انوارالحسن، قاری علی اکبر نعیمی، قاری رفیع الدین سیالوی، قاری رفیق نقشبندی،قاری اکبر مالکی، قاری سید سعید اللہ، قاری سہیل احمد کے نام شامل ہیں ربیع الاول کی پر نور گھڑیوں کو اہل ایمان کیلئے زیادہ دلکش بنانے کیلئے ملک کے نامور قراء نے محفل حسن قرات پروگرام میں اپنے اپنے لحن سے قرآن مجید کی تلاوت کر کے پروگرام کو چار چاند لگا دئیے۔ یہ پروگرام رحمت العالمین ٹرانسمیشن کا حصہ ہے اسے پی ٹی وی ہوم سے نشر کیا جائیگا ۔ یہ پیشکش سید اظہر فرید کی ہے۔
2۔ کل پاکستان محفل نعت
90 منٹ دورانیے کا یہ پروگرام حضرت داتا گنج بخش کے مزار پر ریکاڈ کیا جائیگا ملک بھر سے ثناء خوان مصطفی جن کا شمار پائے کے ثناء خوانوں میں ہوتا ہے کو پروگرام کل پاکستان محفل نعت میں شرکت کی دعوت دی گئی کہ ربیع الاول کی ٹرانسمیشن کی ان گھڑیوں کو پی ٹی وی اپنے ناظرین کیلئے دلکش انداز میں پیش کرے ان میں جن ثناء خوانوں نے حصہ لیا اس میں محمد علی جرال، سرور حسین نقشبندی، حبیب اللہ بھٹی، ذیشان عارف، اعجاز احمد شکر گڑی، جمشید اعظم چشتی، مرغوب ہمدانی،محبوب احمد ہمدانی،اختر قریشی، عبدالرئوف، حافظ محمد اکرم، پیر مسعود فرید چشتی،رفیق بھٹی، ریاض احمد قادری، شاہد گوندل اور محمود الحسن صدیقی کے نام شامل ہیں پروگرام کی میزبانی کے فرائض مقدس کاظمی نبھا رہے ہیں جبکہ پیشکش اسد جمیل کی ہے۔
3۔قصیدہ بردہ شریف
پاکستان ٹیلی ویژن انتظامیہ نے تمام سنٹرز پر 20 منٹ دورانیے کے دو دو پروگرام قصیدہ بردہ شریف ریکارڈ کرنے کیلئے کہا ہے پی ٹی وی سنٹر لاہور کے پروڈیوسر صفدر سحر سے پروگرام کے بارے میں بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی لاہور نے مختلف سکولوں کے طلباء و طالبات پر مشتمل چار ٹیمیں قصدہ بردہ شریف کیلئے چنی ان میں سے چار بچوں کا چنائو کیا گیا عرف عام میں قصیدہ بردہ شریف کے چند اشعار سنے اور پڑھے جاتے ہیں جبکہ ان کی کم و بیش تعداد 200 اشعار کی ہے پی ٹی وی انتظامیہ نے ہر ٹیم کیلئے نئے اشعار کا چنائو کیا کہ وہ اس پرفارم کریں تاکہ ان میں سے اچھے لہن والے بچوں کو چنا جائے ججز کے فرائض کیلئے عبدالرئوف روفی، ڈاکٹر پروفیسر عبدالقدیر، مجاہد حسین کمپوزر نے خدمات سر انجام دیں۔ان بچوں میں سیرت نبوی اور قرآن شریف کے نسخے تقسیم کئے گئے ۔ یہ پروگرام بھی پی ٹی وی رحمت العالمین نشریات کا حصہ ہے اور پی ٹی وی ہوم سے نشر کیا جائیگا۔
4۔ حیات طیبہ حضورؐ
5 منٹ دورانیے کے دو پروگرام (اردو) حضرت محمدؐ کے حیات طیبہ کے مختلف پہلوئوں پر ریکارڈ کئے گئے ان میں ایک پروگرام تعلیم جس کے مقرر پروفیسر اعجاز احمد اور دوسرا عدل و انصاف جس کے مقرر صاحبزادہ محمد علی کریمی کے نام شامل ہیں ان دونوں مقررین نے عنوان کے مطابق حضرت محمدؐ کی حیات طیبہ سے اخذ کیا کہ تعلیم اور عدل وانصاف معاشرتی لحاظ سے کتنی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے اپنے خطبات میں ان متذکرہ دونوں عنوانات پر زور دے کر کہا کہ اہل ایمان تعلیم اور عدل وانصاف کے زیور سے آراستہ ہوں تو ایک اچھا معاشرہ تشکیل پاتا ہے یہ پیشکش زاہد اقبال کی ہے۔ یہ پروگرام بھی رحمت العالمین کی نشریات کا حصہ ہے اور پی ٹی وی ہوم سے نشر کیا جائیگا۔
5۔صوبائی مقابلہ نعت خوانی
حسب سابق پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کے اشتراک سے پروگرام صوبائی مقابلہ نعت خوانی ریکارڈ کیا جائیگا صوبائی مقابلہ نعت خوانی میں چار کیٹگرز ہیں جن میں 15سال سے کم عمر کے لڑکے اور لڑکیاں حصہ لیں گے جبکہ اگلی کیٹگری میں 15 سے 25 سالہ خواتین اور 15 سے 25 سال مرد حصہ لینگے ان میں سے چار افراد فائنل کیلئے کوالیفائی کرینگے بعد ازاں کل پاکستان مقابلہ نعت خوانی جو کہ اسلام آباد میں منعقد ہو گا میں شرکت کیلئے جائینگے۔ اس پروگرام کے میزبان ناظر کاظمی ہیں جبکہ ججز کے فرائض محبوب احمد ہمدانی ، نجیب احمد، مجاہد حسین کمپوزر نبھا ئیں گے یہ پیشکش محمد بشیر کی ہے ۔یہ پروگرام بھی رحمت العالمین کی نشریات کا حصہ ہے اور پی ٹی وی ہوم سے نشر کیا جائیگا۔
6۔نعتیہ مشاعرہ
50 منٹ دورانیہ کا یہ پروگرام ریکارڈ کیا جائیگا اس پروگرام کی میزبانی کے فرائض ڈاکٹر صغری صدف نبھائیں گی جبکہ شعرائے کرام میں صوفیہ بیدار، شہناز مزمل، گلفام نقوی، رخسانہ نور، بشریٰ اعجاز، فرخ زہرہ گیلانی، فوزیہ تبسم، ڈاکٹر خورشید رضوی، امجد اسلام امجد، نجیب احمد، ڈاکٹر اجمل نیازی، ایوب خاور، سلیم طاہر، ضیاء محی الدین، عمران نقوی، زاہد مسعود ، علی اصغر عباس کے نام شامل ہیں ان شعراء نے اپنے اپنے انداز میں حضرت محمدؐ کے ہاں گلہائے عقیدت اشعار کی صورت نذرکئے یہ پیشکش سیف الدین کی ہے ۔ یہ پروگرام بھی رحمت العالمین کی نشریات کا حصہ ہے اور پی ٹی وی ہوم سے نشر کیا جائیگا۔
پی ٹی وی سینٹر لاہور کے جنرل مینجر ذوالفقار احمد اور ایگزیکٹوپروگرامز مینجر بشارت خان نے ٹرانسمیشن رحمت العالمین کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی وی قومی چینل ہے اسے اپنے ناظرین کیلئے ہر ایونٹ پر اس کی مناسبت سے بہترین پروگرام پیش کرنا ہوتے ہیں ہم اپنے تخلیق کاروں کو پروگرام کی بہتری کیلئے ہر قسم کی ممکنہ سہولیات میسر کرتے ہیں تاکہ وہ بہترین پروگرام تیار کریں تاکہ ناظرین کی معلومات میں خاطر خواہ اضافہ ہو سکے ۔