جنیوا: امریکا اور اتحادیوں بشمول برطانیہ، فرانس اور دیگر ممالک کو انخلاء میں دشواریوں کا سامنا ہے جس کا حل نکالنے کیلئے افغانستان کی صورتحال پر اقوامِ متحدہ کااجلاس آج ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق اقوامِ متحدہ کے آج ہونے والے اجلاس میں فرانس اور برطانیہ کابل میں سیف زون بنانے کی قرارداد پیش کریں گے تاکہ افغانستان سے نکلنے کے خواہش مند افراد کو باآسانی نکالا جاسکے۔
فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے کہا کہ ہم طالبان کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں کہ 31اگست کے بعد بھی انخلاء کا عمل جاری رہ سکے۔ ماضی میں سیف زون بنانے کا آپشن استعمال کیا جاچکا ہے۔سیف زون کے ذریعے افغانستان سے باہر جانے کے خواہش مند افراد کو ہوائی اڈے تک آنے کی اجازت ہوگی۔ فرانس، برطانیہ اور جرمنی مشترکہ طور پر یہ تجویز سلامتی کونسل میں پیش کریں گے۔
صدرِ فرانس کے بیان کے مطابق انخلاء کے معاملے پر طالبان سے بات چیت کا مطلب طالبان حکومت کو تسلیم کرنا نہ سمجھا جائے۔ طالبان کو چاہئے کہ دہشت گردی کی مذمت اور انسانی حقوق کی پاسداری کریں۔
اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ عالمی برادری افغانستان کی حمایت جاری رکھے۔ کمشنر برائے انسانی حقوق رابرٹ کولویل کے مطابق افغانستان میں انسانی حقوق کی صورتحال سنگین ہے جو مزید خرابی کی طرف جاسکتی ہے۔آج ہونے والے اقوامِ متحدہ اجلاس میں انتونیو گوتریس، فرانس، برطانیہ، امریکا، روس اور چین کے مندوبین شریک ہوں گے۔ قبل ازیں سلامتی کونسل اجلاس میں پاکستان کو شریک ہونے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔
ملک پر طالبان کے کنٹرول حاصل کرنے کے بعد اقوامِ متحدہ کا یہ دوسرا اجلاس ہے۔ اس سے پہلے 16 اگست کو ہونے والے اجلاس میں پاکستان کو شرکت کی اجازت نہ دینے پر پاکستانی مندوب منیر اکرم نے شدید احتجاج کیا۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38