مانچسٹر:انگلینڈ نے پاکستان کو دوسرے ٹی 20 میچ میں باآسانی شکست دے دی، تین میچوں کی سیریز میں میزبان ٹیم نے 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ نے پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا 196 رنز کا بڑا ہدف باآسانی19.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، جونی بریسٹو ، ڈیوڈ ملان اور کپتان ایون مورگن نے شاندار اننگز کھیلی۔شاداب خان کی جانب سے دونوں اوپنرز کو پویلین بھیجنے کے باوجود دیگر بولرز کسی انگلش بیٹسمین کو آؤٹ نہ کرسکے، مورگن اور ملان نے قومی بولرز کا بھرکس نکال دیا۔انگلش اوپنرز بیرسٹو اور بینٹن نے بالترتیب 44 اور 20 رنز بنائے اس کے بعد ملان اور کپتان ایون مورگن 66 رنز بنا کر حارث رؤف کا نشانہ بنے، ڈیوڈ ملان نے 50رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔پاکستان کے شاداب خان اور حارث رؤف کے علاوہ کوئی بولر وکٹ حاصل نہ کرسکا۔
اس سے قبل پاکستان نے بابر اعظم اور محمد حفیظ کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت انگلش ٹیم کو جیت کے لیے 196 رنز کا ہدف دیا تھا۔
پاکستان کی پہلی وکٹ 72 رنز پر گری جب فخر زمان عادل رشید کی گیند پر 36 رنز بنا کر چلتے بنے، کپتان بابر اعظم 56 رنز بنا کر عادل رشید کی گیند پر بلنگز کو کیچ دے بیٹھے۔شعیب ملک 14 رنز بنا کر جورڈن کا نشانہ بنے، محمد حفیظ نے 69 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔