ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں یوم عاشور کے مرکزی جلوس برآمد ہوگئے ہیں جو روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے مخصوص مقامات پر اختتام پذیر ہوں گے۔
لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، گلگت، مظفر آباد سمیت دیگر شہروں میں بھی جلوس برآمد ہوئے ہیں۔
لاہور میں قدیمی شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد ہوگیا ہے جو مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔
نثارحویلی اندرون موچی گیٹ میں مرکزی جلوس برآمد ہونے سے قبل مجلس کا اہتمام کیا گیا جس میں ذاکرین اور نوحہ خواں حضرات نے شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
یوم عاشور کے موقع پر علمائے کرام، ذاکرین، مشائخ عظام اور مفتیان کرام نے نواسہ رسولﷺ حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں کی لازوال قربانیوں اور فلسفہ شہادت پہ روشنی ڈالی۔
مجلس کے بعد شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس برآمد ہوا جو محلہ شیعاں، رنگ محل اور اندرون بھاٹی سمیت دیگر روایتی راستوں سے ہوتا ہوا آج شام کو اختتام پذیر ہوگا۔
سکردو میں شب عاشور کی مناسبت سے مرکزی جلوس امام بارگاہ لسوپی سے برآمد ہوگیا۔ عزاداران حسین شہدائے کربلا خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔
پاکپتن اورشجاع آباد میں شب عاشور کا ماتمی جلوس برآمد ہو گیا ہے۔ جلوس مخصوص راستوں سے ہوتا ہوا اپنے مخصوص مقام پر اختتام پذیر ہوگا۔ محرم الحرام کے جلوس میں عزاداروں کو نذر و نیاز، پانی کی بوتلیں اور دیگر اشیا بیھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ محرم الحرام کے جلوسوں میں نذرونیاز، پانی اور مشروبات بھی تقسیم کیے جاتے ہیں۔
وفاقی و صوبائی حکومتوں کی ہدایت پر شہری انتظامیہ نے یوم عاشور کی جلوسوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کےلیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے ہیں۔ ملک کے مختلف چھوٹے برے شہروں میں موبائل فون سروسز معطل ہے۔