اسلام آباد کی احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج شاہ رخ ارجمند نے پاکستان مسلم لیگ (ن)سندھ کے جنرل سیکرٹری اور سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل اور سابق ایم ڈی پی ایس او شیخ عمران الحق کو ایل این جی سکینڈل کیس میں مزید 14روز کے جسمانی ریمانڈ پر نیب راولپنڈی کے حوالہ کر دیا۔ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر نیب راولپنڈی کے حکام نے ڈاکٹر مفتاح اسماعیل اور شیخ عمران الحق کو احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج کے سامنے پیش کیا۔ دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی ملزمان سے مزید تفتیش کرنی ہے اس لئے ان کے جسمانی ریمانڈ میں 14روز کی توسیع کی جائے۔ عدالت نے دونوں ملزمان کو 12ستمبر تک جسمانی ریمانڈ پر نیب راولپنڈی کے حوالہ کر دیا۔ عدالت نے نیب حکام کو ہدایت کی ہے دونوں ملزمان سے تفتیش مکمل کر کے تفتیشی رپورٹ کے ساتھ انہیں دوبارہ 12ستمبر کو عدالت میں پیش کیا جائے۔ کیس کی سماعت کے موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب اور سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک بھی احاطہ عدالت میں موجود تھے۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024