صدرڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت کی فسطائی حکومت کے زیرکنٹرول ایٹمی ہتھیار دنیا کے لئے ایک بڑا خطرہ ہے کیونکہ اس کا ظالمانہ اور غیرذمہ دارانہ طرز عمل عالمی برادری کو خطرناک صورتحال سے دوچار کر سکتا ہے۔
ایک نجی نیوز چینل سے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ تصفیہ طلب معاملات کے دوطرفہ حل کیلئے شملہ معاہدے پر دستخطوں کے باوجود بھارت نے معاہدے کی تمام شقوں کی خلاف ورزی کی اور پاکستان کے ساتھ ہمیشہ مخاصمانہ رویہ برقرار رکھا۔
صدر نے کہا کہ مسلمانوں، مسیحی، نچلی ذات کی ہندو برادری سمیت دیگر اقلیتوں نے بھارتی سیکولرازم کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کا خواہشمند ہے لیکن بھارت نے اس سلسلے میں دوطرفہ بات چیت یا کسی تیسرے فریق کی ثالثی کو تسلیم کرنے پر آمادگی ظاہر نہیں کی۔
انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا کے مؤثر استعمال کے ذریعے کشمیریوں کے حق کیلئے آواز اٹھائیں اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کے بارے میں عالمی ضمیر کو جھنجوڑیں۔
ایک سوال پر صدر نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کے ایٹمی اثاثے پوری طرح محفوظ ہیں اور اگر بھارت نے پاکستان پر جنگ مسلط کی تو ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔