290 کلو میٹر تک مار کرنیوالے بیلسٹک میزائل ’’غزنوی‘‘ کا کامیاب تجربہ
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان نے رات کے وقت بیلسٹک میزائل کو ہدف پر داغنے کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ دو سو نوے کلومیٹر تک مار کرنے والے ٹھوس ایندھن کے حامل میزائل ’’غزنوی‘‘ کا اس وقت تجربہ کیا گیا ہے جب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم اور کنٹرول لائن پر اس کی جارحیت زوروں پر ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بتایا ہے رات کو کی جانے والی تربیتی مشقوں کے سلسلہ میں پاکستان نے زمین سے زمین پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل غزنوی کا رات کے وقت ہدف کو نشانہ بنانے کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے۔ یہ میزائل مختلف قسم کے وار ہیڈ لے جانے اور 290 کلو میٹر کے فاصلے تک اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے میزائل کے کامیاب تجربے پر قوم کو مبارک باد دی اور انجینئرز کی کاوشوں کو سراہا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تینوں سروسز چیفس نے میزائل کے کامیاب تجربے پر انجینئرز کو مبارکباد دی ہے۔ ’’غزنوی‘‘ شارٹ رینج میزائل ہے جو دوران جنگ دشمن کی فوجی فارمیشنوں ، جنگی مشینری اور اڈوں کو نشانہ بنانے کیلئے بنایا گیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے غزنوی بیلسٹک میزائل کے کامیاب تجربے پر قوم اور سائنسدانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیت میں آج ایک اور اہم سنگ میل عبور کیا گیا۔ پیغام میں انہوں نے کہا میزائل ہمارے سائنسدانوں اور انجینئرز کی پیشہ ورانہ مہارت، قابلیت اور دفاع وطن کے لئے ان کے عزم کا اظہار ہے۔ شہبازشریف نے کہاکہ پاکستانی قوم اپنی خود مختاری، سالمیت اور دفاع کو اپنی جان سے زیادہ عزیز رکھتے ہیں۔ صوبائی وزیر برائے کالونیز فیاض الحسن چوہان نے بھی میزائل غزنوی کے کامیاب تجربے پر افواج پاکستان اور پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ افواج پاکستان ملک کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت چوکس ہیں اور پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔