لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے 7 بچے مائوں سے لیکر دادا کو دینے کی خبر غلط ہے
لاہور (وقائع نگار خصوصی) گزشتہ روز29اگست اخبارات میں شائع ہونے والی خبر کہ" لاہور ہائی کورٹ نے دو مختلف مقدمات میں سات بچے ماں سے چھین کر دادا کے حوالے کر دیئے" غلط اور حقائق کے بر عکس ہے۔حقائق کے مطابق عدالت نے درخواست گزار کی جانب سے دائر حبس بے جا کی درخواست میں مخالف فریق کو حکم دیا کہ اگلی تاریخ سماعت پربچوں کو پیش کریں اور فریقین کی باہمی رضا مندی سے مقدمہ کی مزید سماعت 31 اگست تک ملتوی کر دی۔ جبکہ دوسرے مقدمہ میں مسمات رضوانہ کی جانب سے دائر کی گئی حبس بے جا کی درخواست کی سماعت ہوئی تو بچوں کے دادا نے بچوں کو عدالت میں پیش کر دیا جس پر عدالت نے قرار دیا کہ بچے عدالت میں پیش کر دیئے گئے ہیں انہیں حبس بے جا میں نہیں رکھا گیا۔ تاہم درخواست گزار کو ہدایت کی کہ بچوں کی حوالگی کیلئے گارڈین عدالت سے رجوع کرے۔مندرجہ بالا حقائق کی روشنی میں عدالت نے کسی بچے کی حوالگی کے حوالے سے کوئی حکم صادر نہیں کیا۔