سکیورٹی کی خراب صورتحال، امریکہ نے اپنے شہریوں کو افغانستان چھوڑنے کی ہدایت کردی
کابل (آئی این پی+اے این این) افغانستان میں سیکورٹی کی خراب صوتحال اور طالبان کی مسلسل کاروائیوں کی وجہ سے امریکہ نے اپنے شہریوں کو افغانستان چھوڑنے کی ہدایت کردی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق کابل میں واقع امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں سکیورٹی کی صورتحال غیر مستحکم ہونے کی وجہ سے امریکہ کے شہریوں کیلئے خطرہ ہے۔ امریکی سفارتخانے نے کہا ہے کہ دہشت گرد صوبہ ہلمند میں موجود امریکی شہریوں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں تاہم ان دہشت گرد وں کے حوالے سے کوئی مصدقہ معلومات موصول نہیں ہوئی ہیں۔ ادھر شام میں صدر بشارالاسد کی حمایت میں لڑنے والے ایرانی عسکری تنظیم فاطمین اور پاسداران انقلاب کے ایک سینئر عہدیدار سمیت 17افغان جنگجو ہلاک ہو گئے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق کیپٹن احمد حیاری گذشتہ سوموار کو اللاذقیہ کے پہاڑی علاقوں اپوزیشن کے ساتھ جھڑپ میں مارا گیا۔ اسی لڑائی میں ایرانی ٹی وی کے نامہ نگار ’’محمد حسن حسنی‘‘جو کیپٹن حیاری کے ہمراہ تھا بھی زخمی ہوا ہے۔ ایران میں سوشل میڈیا اور دوسرے ذرائع ابلاغ میں آنے والی رپورٹس کے مطابق رواں ماہ کے دوران شام میں صدر بشارالاسد کی وفادار فوج کی حمایت میں لڑتے ہوئے 17 افغان جنگجو بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔