قصور: بابا بلھے شاہ کے عرس کی تقریبات جاری دوسرے روز رضا ربانی نے چادر چڑھائی
قصور (نمائندہ نوائے وقت) برصغیر کے عظیم صوفی شاعر بابا بلھے شاہ کے 258 ویں عرس کی تقریبات دوسرے دن بھی جاری رہیں، دنیا بھر سے زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ عرس کے پہلے روز مختلف نشستوں میں حسن و قرات، نعت خوانی اور درود و سلام کی محافل کا انعقاد کیا گیا جبکہ محفل سماع کا بھی خصوصی طور پر اہتمام کیا گیا تھا۔ اس موقع پر ڈھول کی تھاپ پر مخصوص انداز میں دھمال بھی ڈالی گئی جسے دیکھنے کیلئے شہریوں کی بڑی تعداد اُمڈ آئی۔ عرس کی مناسبت سے ہفتے کو عام تعطیل رہی جبکہ آج اتوار کو عرس کا آخری روز ہوگا۔ آخری روز کا آغازصبح قران خوانی سے ہو گا اور 2 بجے علما ء اکرام اسلام اور اسلام کیلئے اولیاء و صوفیاء اکرام کی خدمات پر روشنی ڈالیں گے اور بعد نماز عشاء محفل سماع میں شیر علی، مہر علی قوال بلھے شاہ کا کلام گائیں گے اور رات 12 اختتامی دعا مانگی جائیگی جبکہ عرس کے دوسرے روز چیئرمیں سینٹ میاں رضا ربانی نے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما چودھری، منظور احمد کے ہمراہ دربار حضرت بابا بلھے شاہ پر حاضری دی اور چادر چڑھائی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی قصور کے عہدیداران کی بڑی تعداد بھی انکے ساتھ تھی۔